اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی دراندازی کے بعد لڑائی میں اپنے 8 فوجیو ں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا اپنے فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق اعترافی بیان جنوبی لبنان میں زمینی دراندازی کے اگلے دن سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ اور اسرائیل نے جنگ کی صورتحال پر الگ الگ بیانات جاری کیے ہیں۔دوسری طرف اسرائیل نے ایرانی میزائل حملے کے اگلے ہی روز ملک کے شمالی حصے میں کچھ مقامات پر عوامی اجتماعات پر عائد پابندی میں نرمی کردی ہے
ادھر صہیونی فوجیوں کی اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھا کر بھاگنے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی فوجی کا ہیلی کاپٹر اپنے فوجیوں کو ریسکیو کررہا ہے اور صہیونی فوجی زخمیوں اور لاشوں کو ہیلی کاپٹر میں منتقل کررہے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے آج صبح بیروت پر کم از کم 14 مرتبہ بمباری کی ہے، اسرائیلی فوج کی بمباری سے قبل شہریوں کو علاقوں سے 500 میٹر دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔لبنان سے اسرائیل کے شمالی علاقوں میں صبح سے تقریباً 100راکٹ داغے گئے ہیں، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان سے داغے جانے والے راکٹوں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔