اتوار کی شام دمشق میں سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز کی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ اے ایف پی کے نامہ نگاروں اور سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ یہ آگ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے لگی ہے۔ ایجنسی فرانس پریس کے فوٹوگرافر نے دمشق کے سکیورٹی سکوائر کے علاقے سے آگ اٹھتی دیکھی۔ اس سکوائر میں ملٹری انٹیلی جنس سمیت سیکیورٹی ہیڈ کوارٹر بھی موجود ہے۔ ایک اور محلے میں ایک اور فوٹوگرافر نے فوجداری سکیورٹی برانچ کی عمارت میں بھی آگ بھڑکتے ہوئے دیکھی۔
اے ایف پی کے نمائندے نے بتایا کہ دارالحکومت دمشق کے عباسی ضلع میں امیگریشن اور پاسپورٹ سینٹر میں بھی آگ بھڑک اٹھی ہے۔ آبزرویٹری نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے دمشق میں سابق حکومتی فورسز کے ہیڈ کوارٹر، انٹیلی جنس اور کسٹمز کی عمارتوں کے قریب سکیورٹی سکوائر کو نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے وہاں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
اس سے قبل شام کے مسلح دھڑوں کے ملٹری آپریشن ڈیپارٹمنٹ نے دارالحکومت دمشق میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انتظامیہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وہ دمشق شہر میں سہ پہر چار بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو کا اعلان کرتی ہے۔شامی مسلح گروپوں نے اس سے قبل دارالحکومت دمشق میں داخل ہونے اور بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ بعد میں روس نے بتایا ہے کہ بشار الاسد روس میں موجود ہیں اور انہیں انسانی بنیادوں پر پناہ دی گئی ہے۔