کرناٹک حکومت میں وزیر اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے بیٹے پریانک کھڑگے کا ایک انتہائی اہم بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بالواسطہ طور پر بجرنگ دل اور گئو رکشکوں کو تنبیہ دیتے ہوئے پولیس افسران سے کہا ہے کہ جو لوگ قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ اِن ’دَل‘ سے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایسے لوگوں کو پیٹ کر جیل کے اندر ڈال دیا جائے۔
واضح ہو کہ کرناٹک میں بجرنگ دل کارکنان بہت سرگرم ہیں اس لیے کانگریس حکومت میں وزیر پریانک کھڑگے نے پولیس افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ گئو رکشا میں شامل لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران پریانک کھڑگے نے بجرنگ دل کارکنان کو بالواسطہ طور پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو لوگ قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں اور کہتے ہیں وہ اِن دَل سے ہیں، انھیں لات مارو اور سلاخوں کے پیچھے ڈال دو۔‘‘ کلبرگی میں ہوئی اس میٹنگ میں کھڑگے نے کہا کہ اگر کوئی خود ساختہ لیڈر ہے اور فرقہ وارانہ ایشوز کے نام پر زہر افشانی کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ میں فرقہ وارانہ فسادات نہیں چاہتا۔ انھوں نے پولیس افسران سے کہا کہ لائیواسٹاک (مویشی) کے ٹرانسپورٹیشن پر قانون بہت واضح ہے، چاہے وہ شہری سرحد کے اندر ہو یا دیہی علاقہ میں، اگر ان کے پاس صحیح دستاویزات ہیں تو انھیں پریشان نہ کیا جائے۔