جے پور : شرج پورنیما کے موقع پر کل رات یعنی جمعرات کی رات منعقدہ ایک پروگرام میں ہنگامہ ہوا۔ اس دوران چاقو کے وار سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے آر ایس ایس یعنی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رضاکار بتائے جاتے ہیں۔زی نیوز کے مطابق یہ حملہ شرد پورنیما پر کھیر کی تقسیم کے پروگرام کے دوران ہوا۔ چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والوں کو ایس ایم ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اسپتال میں ہندو تنظیموں کی بڑی بھیڑ ہے۔ معاملہ کرنی وہار علاقے کا ہے جہاں حملے سے ناراض لوگوں نے تھانے کا گھیراؤ کیا اور ہنگامہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جھگڑے کے بعد دونوں فریقوں میں لڑائی ہوئی اور چاقو سے حملہ ہوا۔ بی جے پی لیڈر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے ہسپتال میں زخمیوں سے ملاقات کی اور قصورواروں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا، ‘راجستھان میں قانون کی حکمرانی ہوگی۔ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی مقامی ایم ایل اے گوپال شرما بھی زخمیوں کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے۔ زی نیوز کا کہنا ہے ذرائع کے مطابق تمام زخمی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے کارکن بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے اور علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ خبر ہے کہ پولیس نے اس معاملے میں 3 لوگوں کو حراست میں لیا ہے، حالانکہ اس خبر کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔