ڈھاکہ: بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما مرزا عباس کا کہنا ہے کہ بی این پی آنے والے دنوں میں اپنے دیرینہ اتحادی بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر ملک کی تعمیر نو کے لیے تیار ہے۔ایک یادگاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی رہنما نے کہا کہ اگر بی این پی اور جماعت متحد رہیں تو معزول عوامی لیگ بنگلہ دیش کی سیاست میں واپسی نہیں کر سکے گی۔ہمیں اتحاد کے لیے کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم اس ملک کو خوبصورتی سے دوبارہ تعمیرکرسکیں۔ آانہوں نےجماعت کو کھلی پیشکش کرنے ہوئے کہا آئیے ہم دونوں مل کر ملک کی خاطر کام کریں۔ ہم مل کر ملک کو سنواریں گے۔‘‘
ڈھاکہ ٹریبون کے مطابق عباس نے یہ ریمارکس انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز، بنگلہ دیش میں جماعت کی ڈھاکہ ساؤتھ سٹی یونٹ کی جانب سے 2006 میں اس دن مارے جانے والوں کی یاد میں منعقدہ ایک مباحثے کے دوران کہے۔بی این پی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن مرزا عباس نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ مطلق العنان حکمران شیخ حسینہ بھارت فرار ہو گئی ہیں لیکن ان کے ساتھی ملک میں ہی موجود ہیں۔
انہوں نے بغیرلاگ لپیٹ کے کہا "قوم ترقی نہیں کر سکتی جب تک حسینہ کے گروہ مختلف عہدوں پر براجمان ہوں، کیونکہ وہ مختلف سازشیں کر رہے ہیں۔ تاہم، اگر جماعت اور بی این پی مل کر کام کریں تو عوامی لیگ واپسی نہیں کر سکے گی۔اب ہم عوامی لیگ کے بغیر بنگلہ دیش چاہتے ہیں… عوامی لیگ اور مہذب لوگ، عوامی لیگ اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں رہ سکتے۔ عوامی لیگ دراصل شیطان کی دوست ہے۔انہوں نے دیگر تمام جمہوری جماعتوں پر بھی زور دیا کہ وہ حسینہ واجد اور پڑوسی ملک کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہو جائیں۔