غزہ میں ڈھائے جانے والے مظالم کے تناظر میں بنگلا دیش کی عبوری حکومت نے ایک بار پھر پاسپورٹ پر “اسرائیل کے سوا” کے الفاظ طبع کروادیے ہیں۔ شیخ حسینہ کے دورِ حکومت میں 2021 میں یہ الفاظ پاسپورٹ پر سے حذف کروادیے گئے تھے۔
بنگلا دیش کے مسلمان غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باعث اسرائیل سے الرجک ہیں اور وہاں بھی اسرائیل کے خلاف بہت بڑے پیمانے پر احتجاج ہوتا رہا ہے۔بنگلا دیش کی عبوری حکومت کو پاسپورٹ پر “اسرائیل کے سوا” کے الفاظ غیر معمولی عوامی احتجاج کے باعث بحال کرنا پڑے ہیں۔ ملک بھر میں شدید اسرائیل مخالف فضا پائی جاتی ہے۔ بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے انتظامی سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کردی ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیلی مظالم پر احتجاج کر رہے ہیں اور بنگلا دیش کی حکومت اور عوام بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔