نئی دہلی :جمعیۃعلماء ہند جہاں ایک طرف ملی ملکی قومی مسائل کو لے کر مستقل فکر مند رہتی ہے وہیں پر حتی الامکان ان کو حل کرنے کی بھی مسلسل کوششیں جاری رکھتی ہے اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مولانا سید ارشد مدنی صدرجمعیۃعلماء ہند کی ہدایت پر جمعیۃعلماء ہندصوبہ دہلی کی جانب سے مفتی عبدالرازق مظاہری ناظم اعلیٰ جمعیتہ صوبہ دہلی کی سربراہی میں دہلی کے اوکھلا میں پناہ گزین روہنگیائی مسلمانوں کی حالت زار کے مد نظر ان میں پہننے کے کپڑے نیز سردی سے بچاؤ کیلئے کمبل وغیرہ تقسیم کئے گئے ۔واضح رہے کہ دہلی کے اوکھلا علاقے میں روہنگیاں کے قریب 150 خاندان پناہ لئے ہوئے ہیں جن کو حکومت کی جانب سے کسی طرح کی کوئی مدد نہیں ملتی ہے، بہت معمولی اور انتہائی تنگ جھگیوں میں کسی طرح سے بدرجہ مجبوری یہ لوگ گزارہ کر رہے ہیں۔ ان کی حالت زار کے پیش نظر جمعیۃعلماء ہندصوبہ دہلی کی جانب سے جہاں پر ان کی دینی تعلیم کا نظم کیا ہوا ہے وہیں پر ان کے لئے مختلف طرح کی ریلیف ،راشن ،کپڑوں وغیرہ سے وقتاًفوقتاً ان کاتعاون کیا جاتا رہتا ہے ۔یہ لوگ انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔اس لئے حکومت ہند سے بھی ہماری اپیل ہے کہ انسانی ہمدردی اور حقوق انسانی کا خیال رکھتے ہو ئے کوئی مستقل ٹھکانہ وغیرہ کا ان کے لئے انتظام کیا جائے اس موقع پر قاری محمد صادق ،قاری عبدالمنان وغیرہ بھی موجود رہے۔ (سورس:پریس ریلیز)