الہ آباد ہائی کورٹ کے جج شیکھر یادو نے حال ہی میں وشو ہندو پریشد کے ایک پروگرام میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ ان کے ریمارکس پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا اور پارلیمنٹ میں ان کے خلاف مواخذے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے منگل کو ہائی کورٹ میں جسٹس یادو کی حمایت میں ایک PIL دائر کی گئی، جسے بنچ نے مسترد کر دیا۔ جسٹس عطاالرحمن مسعودی اور جسٹس سبھاش ودیارتھی کی بنچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قابل سماعت نہیں ہے۔ جسٹس شیکھر کمار یادو نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کا نظام اکثریت کے مطابق چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر خاندان بھی اکثریت کے مطابق چلتا ہے تو اس طرح ملک چلانے میں کیا حرج ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے مسلمانوں کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا اور ‘جنونی’ کا لفظ استعمال کیا تھا۔ اس حوالے سے تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ یہاں تک کہ سپریم کورٹ نے شیکھر کمار یادو کے تبصروں پر سوال اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ جج کا رویہ ایسا نہیں ہو سکتا۔ یہاں تک کہ سپریم کورٹ کے کالجیم نے جسٹس شیکھر یادو کو فون کرکے اس معاملے میں وضاحت طلب کی تھی۔ ساتھ ہی راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل کی پہل پر ایوان میں ان کے خلاف مواخذے کی تحریک بھی پیش کی گئی ہے۔ اس تجویز کو مسترد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی تھی جسے بنچ نے مسترد کر دیا تھا۔ کپل سبل کے علاوہ 54 دیگر ارکان پارلیمنٹ نے مواخذے کی تحریک کی حمایت کی ہے۔
ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وکیل اشوک پانڈے نے کہا کہ ہائی کورٹ کو راجیہ سبھا کے چیئرمین کو اس تجویز کو آگے نہ بڑھانے کا حکم دینا چاہیے۔ لیکن عدالت نے درخواست کو قابل سماعت نہ سمجھتے ہوئے مسترد کر دیا۔ درخواست گزار اشوک پانڈے نے کہا کہ یادو کا تبصرہ ایک ہندو کے طور پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے جنونی لفظ استعمال کیا جس پر اعتراض کیا جا رہا ہے۔ لیکن یہ لفظ نفرت انگیز تقریر کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔درخواست میں کہا گیا، ‘جج کے طور پر جسٹس یادو جانتے ہیں کہ کس طرح جنونیت مسلم لڑکیوں کو اسکول اور کالج جانے سے روک رہی ہے۔ انہیں برقعہ اور حجاب پہننے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا کہ رام مندر کو گرانے والے بابر کے ساتھ کیسے کچھ جنونی مسلمان کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہی لوگ تھے جنہوں نے اورنگ زیب کی حمایت کی جنہوں نے کاشی وشوناتھ مندر اور پھر شری کرشنا جنم بھومی مندر کو نقصان پہنچایا۔