دہرا دون :
ہری دوار کے کمبھ میلے میں کورونا کی گائڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے پر تنقید کی جارہی ہے اس درمیان ایک تشویشناک رپورٹ سامنے آئی ہے۔ گزشتہ روز ہریدوار میں 594 پازیٹیو کیس درج ہوئے۔ ایک دن قبل ہی 408 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ یعنی پچھلے دو دنوں میں 1000 کے قریب معاملات سامنے آئے ہیں۔ شہر میں فعال معاملے کی تعداد 2812 ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب کمبھ میلہ کے 13 ویں دن لاکھوں افراد گنگا میں شاہی اشنان کے لئے جمع ہوئے تھے۔ کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 21 سے 31 لاکھ کے درمیان لوگوں نے شاہی اشنان کیا۔
کہا جارہا ہے کہ شہر میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا جمع ہونا جہاں کورونا وائرس جیسے انفیکشن پھیلا ہواپنے آپ میں بہت بڑا خطرہ ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے لوگ کمبھ میلے میں آئے تھے۔ پورا ملک کورونا کی زد میں ہے۔ ہر دن ، ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ کورونا انفیکشن کے معاملات سامنے آ رہے ہیں۔ ملک میں اس وقت تقریباً 13 13 لاکھ فعال مثبت معاملات ہیں۔ روزانہ 800-900 افراد مر رہے ہیں۔ اتراکھنڈ میں 24 گھنٹوں میں 1925 مثبت معاملات سامنے آئے اور 13 افراد کی موت ہوگئی۔
اس درمیان کمبھ میلے کی جو تصاویر آئی ہیں اس میں لوگ بغیر ماسک اور سماجی دوری کے قواعد کی دھجیاںاڑتی نظر آئیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس بھیڑ کو سنبھالنے میں مصروف تھی۔
متعدد جگہوں پر تھرمل اسکریننگ نہیں ہو رہی ہے۔ لوگوں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کے درمیان انتظامیہ کے لئے کورونا پروٹوکول کے قواعد پر عمل کرانا انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے۔
’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ہری دوار ریلوے اسٹیشن سے ہر کی پوڑی والے گھاٹ تک 10 کلومیٹر کے علاقے میں کہیں بھی تھرمل اسکریننگ کا کوئی انتظام نہیں تھا اور ماسک نہیں پہننے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی تھی۔ اس کے باوجود ایسے افراد کی شناخت کے لئے ایک سی سی ٹی وی نصب کیا گیا ہے جو ماسک نہیں پہنتے ہیں۔