پٹنہ : (ایجنسی)
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو اب ایک بار پھر پرانے انداز میں نظر آ رہے ہیں۔ دی کوئنٹ سے خصوصی بات چیت میں لالو یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات وزیر اعظم نریندر مودی کی وداعی ہو گی۔ لالو نے کہا کہ ملک کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے دوچار ہیں۔ لیکن وزیر اعظم کون ہوگا اس کے جواب میں لالو نے کہا کہ اس کا فیصلہ بیٹھ کر طےکیا جائے گا۔
راہل گاندھی کے ’ پی ایم میٹریل ‘ ہونے کے سوال پر لالو نے کہا کہ کسی ایک آدمی کے کہنے سے نہیں ہوگا۔ میںنے کہاکہ تمام ہم خیال جماعتوں کو بلا کر اور یو پی اے میں لیڈروں کو بلا کر، آئیے فیصلہ کریں۔ یہی کرنا ہے۔ اس سوال پر کہ راہل وزیر اعظم کا چہرہ ہیں یا نہیں، لالو نے کہا کہ کانگریس یہ بتائے گی، ہم کیسے بولیں؟
تریپورہ میں ہوئے تشدد کے بارے میں لالو نے کہا کہ یہ غنڈہ گردی ہے۔یہ سماج میں فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔ ان کو ( بی جے پی ) کو چسکا لگ گیا ہے کہ پولرائزیشن کرنے سے ان کو انتخاب میں فائدہ ملتا رہے گا۔ اقتدار ملتارہے گا۔ ماسکو (روس) میں بھگوان کرشن کے مندر کو وہاں کے لوگوں نے توڑا تھا تو میں نے پارلیمنٹ میں بولا تھا ۔ وشو ہندو پریشد کے لوگ وہاں جاکر کیوں نہیں روکتے۔ یہاں اپنے گھر میں شیر بنے ہوئے ہو! غریب مسلمانوں کو تباہ کررہے ہیں ۔








