بھوپال :(ایجنسی)
مدھیہ پردیش میں 13 مارچ کو، نرمداپورم اور پپریا کے درمیان واقع ایک درگاہ میں کچھ نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی اوراسے بھگوا رنگ سے رنگ دیا ۔ سمری ہرچند کے قریب واقع اس درگاہ کے مقبرے، دروازے اور مینار کوبھی مبینہ طور پر بھگوا رنگ سے رنگ گیا۔
واقعہ کا علم اس وقتہو ا جب کچھ لوگوں نے درگاہ کو دیکھا اور مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس انتظامیہ کو بھی اطلاع دی۔ اس کے بعد کمیونٹی نے ’چکا جام‘ کیا، جس کے بعد پولیس اور حکام نے معاملے کا نوٹس لیا۔
مکھن نگر پولس اسٹیشن کے ٹاؤن انسپکٹر ہیمنت سریواستو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’ہمیں اطلاع ملی کہ ایک مذہبی مقام پر توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور ہم موقع پر پہنچے، فی الحال، نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔ ‘
دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، آئی پی سی سیکشن 295 (اے) (جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی عمل جس کا مقصد کسی بھی کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ہے)کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد سے ہندو اور مسلم مقامی لوگوں نے پیسے جمع کئے اور درگاہ کی مرمت کی اور پھر سے اسے اصل رنگ میں رنگ دیاگیا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’دونوں برادریوں کے لوگوں نے پیسے اکٹھے کیے ہیں اور درگاہ کو دوبارہ رنگ دیا ہے، یہ سب یہاں پر سکون سے رہ رہے ہیں، اور ہم اس واقعے کے قصور واروں کو جلد ہی پکڑ لیں گے۔