مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (MVA) نے ریاست کی 288 اسمبلی سیٹوں میں سے 263 سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس پی کو بھی اس میں شامل کرکے دو سیٹیں دی جارہی ہیں۔ ایس پی سربراہ جمعہ کو ممبئی پہنچے ہیں ، جہاں اس سمت میں ان سے بات چیت ہونے والی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایم وی اے کی کانگریس، این سی پی شرد پوار دھڑے اور شیوسینا ادھو ٹھاکرے کے دھڑے نے جمعرات کو میٹنگ کی تھی۔ سیٹوں کی تقسیم پر بحث ہوئی اور تینوں پارٹیوں کے لیڈر اس کو لے کر کافی پرجوش ہیں۔ میٹنگ میں کانگریس مہاراشٹر کے صدر نانا پٹولے، شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت اور این سی پی (شرد چندر پوار) کے لیڈر جتیندر اعوان، جینت پاٹل اور انیل دیشمکھ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ایم وی اے میں تقریباً 25 سیٹوں پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔ اس میں ممبئی کی 36 میں سے چار اسمبلی سیٹیں بھی شامل ہیں۔ ان میں کرلا، دھاراوی، ورسووا اور بائیکلہ شامل ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار ان 25 سیٹوں پر ’’دو تین دن‘‘ میں حتمی فیصلہ لیں گے۔ یعنی اتوار تک تمام سیٹوں پر فیصلہ ہو جائے گا۔مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں 20 نومبر کو ہوگی۔ ایم وی اے کی طرح مہاوتی میں بھی سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے۔ وہاں بھی ہفتہ تک صورتحال واضح ہونے کی امید ہے۔ شیو سینا شنڈے کے دھڑے سے بی جے پی کی سیٹیں قربان کرنے کو کہہ رہی ہے۔ مہاوتی میں کافی تنازعہ ہے۔