کولکاتا (ایجنسی)
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر انتخابی پروگرام کو مختصر کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں الیکشن کمیشن سے باقی تین مرحلے کے انتخابات کو دو یا ایک دن میں نمٹانے کی ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتی ہوں۔
ترنمول سپریمو نے اشاروں میں کہا کہ بی جے پی کے کہنے پر الیکشن کمیشن نے باقی مراحل کے لئے انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے عوام کی صحت کو ترجیح دینے کی اپیلکی۔
وہیں ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مورد الزام قرار دیا ہے۔ انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ مسٹر مودی ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی مہاماری پر قابو پانے کے اقدامات کرنے کے بجائے بنگال میں انتخابات میں مصروف تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے پچھلے چھ مہینوں میں کارونا وائرس سے نمٹنے کے لئے منصوبے کیوں نہیں بنائے۔آپ کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ وزیر اعظم کورونا وائرس کی دوسری لہر کے ذمہ دار ہیں۔ اگر انھوں نے مناسب وقت پر ذمہ داری قبول کی ہوتی تو ایسا ہونے سے بچا جاسکتا تھا۔