متھرا :(ایجنسی )
جمعرات کی شام ورنداون کے ٹھاکر بانکے بہاری مندر میں سیکورٹی اہلکاروں اور عقیدتمندوں کے درمیان مار پیٹ ہوگئی، جس سے مندر کے احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس کے بعد سات آٹھ سیکورٹی اہلکار ایک عقیدتمند کو پکڑ کر مندر سے باہر لے آئے اور گلی میں اس کےساتھ مار پیٹ کی۔ اس معاملے میں سیکورٹی انچارج نے ملزم سیکورٹی اہلکاروںکو نوکری سے نکال دیا ہے ۔ ساتھ ہی ملزم سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف پولیس کوتحریر بھی دی گئی ہے ۔
معلومات کے مطابق، جمعرات کی شام ٹھاکر بانکے بہاری مندر میں شیان بھوگ آرتی کے دوران عقیدتمندوں کی بھیڑ تھی۔ اسی دوران مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ جس میں کچھ سیکورٹی اہلکار مندر کے احاطے میں ایک عقیدتمند کی پٹائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ پھر عقیدتمند کے ساتھی آجاتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں طرف سے لڑائی شروع ہو جاتی ہے۔ سیکورٹی اہلکار ایک عقیدتمند کو پکڑ کر مندر سے باہر لے گئے۔ گلی میں بھی اسے پیٹتے ہیں ۔
بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ ہریانہ کا رہنے والا ہے۔ مار پیٹ کرنے والے تمام سیکورٹی اہلکار جی فورس کمپنی کے ہیں۔ سیکورٹی انچارج دیویندر سنگھ نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم سیکورٹی اہلکاروں کی شناخت کی ہے۔ ملزم سیکورٹی اہلکاروں کے نام پنکج، سمیت، دیویندر، موہت، اجے، ہیمراج سنگھ، نہر سنگھ، لوکیش کمار ہیں۔ دیویندر سنگھ نے ان کے خلاف تھانہ میں شکایت دی ہے۔ ملزم سیکورٹی اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔