اتر پردیش میں غازی آباد کے لونی میں رام کتھا پروگرام کے لیے منعقد کی گئی کلش یاترا کے دوران پولیس کی کارروائی پر ہندوتووادیوں میںغصہ پایاجاتا ہے۔ اب ڈاسنا پیٹھ کے سربراہ اور سری پنچادشنم جونا اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور، یتی نرسنگھانند گری بھی اس تنازعہ میں کود پڑے ہیں۔ انہوں نے یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو اس تنازعہ کو لے کر براہ راست خبردار کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک ملزم پولیس افسر اجے مشرا کا تبادلہ نہیں کیا جاتا وہ کچھ نہیں کھائیں گے اور نہ پییں گے۔ سی ایم یوگی کو وارننگ دیتے ہوئے یتی نرسمہانند نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی بھی توہین کی ۔ اب غازی آباد پولیس نے اس معاملے میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
•••بابائے قوم سے متعلق متنازع بیان
سنبھل معاملے کو فرضی قرار دیتے ہوئے یتی نرسمہانند نے کہا کہ یہ مسائل زیادہ دیر نہیں چلیں گے۔ صرف حقیقی مسائل پر بات کی جائے گی۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ آپ مذہب کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ ورنہ تاریخ کا کوڑے دان کسی کو معاف نہیں کرتا۔ کسی زمانے میں پورا ہندو سماج گاندھی کا دیوانہ تھا، لیکن آج کوئی ہندو… انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کئی وزرائے اعلیٰ دیکھے ہیں۔ میں کلیان سنگھ، راج ناتھ سنگھ، ملائم سنگھ یادو، بہن مایاوتی، اکھلیش یادو اور آپ کو بھی دیکھ رہا ہوں۔ رامائن کی اس طرح کی توہین کسی اور وزیر اعلیٰ کے دور میں نہیں ہو سکتی تھی۔