:میرٹھ
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو میرٹھ پہنچ کرجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی لڑائی میں ملک کے کئی لوگ شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید دھن سنگھ کوتوال کو کوئی نہیں بھول سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مجاہدین آزادی نے اپنی جان کی بازی نہیں لگائی ہوتی تو آج ہم آزاد نہیں ہوپاتے۔ اکھلیش نے کہاکہ 23 مارچ تاریخی دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ نظام ملک میں جاری رہا تو پھرسے ملک غلام بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کمپنی (ایسٹ انڈیا) ملک میں آئی اور اس نے لوگوں کو غلام بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے شہید ہونے والے بیشتر انقلابی مزدور یا کسان کے بیٹے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں زرعی قوانین ملک کے کسانوں کو برباد کردیں گے۔ اکھلیش نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کے آندولن کی وجہ سے اترپردیش کے کسان بیدار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان صرف پیٹ نہیں بھرتا ۔ کسان ہمیں کپڑے بھی پہناتا ہے۔ انہی کسانوں کو بی جے پی سرکار دہشت گرد بتا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو دھان کاایم ایس پی نہیںمل پایا ہے۔ انہو ںنے کہاکہ پردیش میں چار سال سے بی جے پی کی سرکار چل رہی ہے لیکن کسانوں کو ابھی تک گنا کی ادائیگی کے لیے انتظار کرنا پڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ اس سے پہلے منچ سے ایس پی لیڈر اتل پردھان نے جلسہ عام کو خطاب کیا۔ انہوں نے اکھلیش یادو کو ایک بار پھر سے وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے لوگوں سے اپیل کی۔ ادھر پولیس انتظامیہ نے جلسہ عام کے مدنظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔
وہیں اکھلیش یادو شہید دھن سنگھ کوتوال کے مجسمہ کی نقاب کشائی بھی کی۔ اجتماع عام کو کامیاب بنانے کے لئے ایس پی کارکنان کئی دن سے تیاری کر رہے تھے۔ ایس پی کارکنوں نے ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے ہر گاؤں میں مہم چلائی تھی۔ اس سے قبل کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے میرٹھ کے کیلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ آر ایل ڈی کے جینت چودھری بھی موانا علاقے میں ہی کسان پنچایت کرچکے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال میرٹھ کی کسان پنچایت کی ہے،ایسے میں اب یہ اجتماع عام کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔