نئی دہلی :
سپریم کورٹ کے سینئر جسٹس این وی رمنا ملک کے اگلے چیف جسٹس ہوں گے۔ موجودہ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے ان کے نام کی سفارش حکومت کو ارسال کی ہے۔ حال ہی میں حکومت نے ان سےاپنا جانشین کے طور پر نام بھیجنے کو کہا تھا۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے 23 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔ اس کے بعد این وی رمنا عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ موجودہ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کے بعد این وی رمنا عدالت عظمیٰ کے سب سے سینئر جج ہیں۔ ان کی مدت کار 26 اکست 2022 تک ہوگی۔
آندھرا پردیش کے رہنے والے این وی رمناسن 2000 میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں مستقل جج کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ فروری 2014 میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پرتقرری سے پہلے وہ دہلی ہائی کورٹ میں تھے۔ 63 سالہ نتھالاپتی وینکٹی رمنا نے 10 فروری 1983 سے اپنے عدالتی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے آندھرا پردیش سے وکالت کے طور شروعات کی تھی۔
آئینی امور میں ماہر، 45 سالہ عدالتی تجربہ
اس کے بعد انہوں نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ ، آندھرا پردیش ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل کے علاوہ سپریم کورٹ میں بھی وکالت کی تھی۔ وہ آئینی ، مجرمانہ اور بین ریاستی ندیوں کے پانی تقسیم کے قوانین کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ تقریباً 45 سال کا طویل تجربہ رکھنے والے این وی رمنا سپریم کورٹ کے کئی اہم فیصلوں کے آئینی بنچ کا حصہ رہے ہیں۔