تحریر: مولانا ابوالکلام قاسمی شمسی
اردو زبان کے رسم الخط کو ابتدائی دور میں فارسی رسم الخط کہا جاتا تھا ، لیکن اب اردو زبان کو خود کئی سو سال ہو گئے اور یہ ایک وسیع زبان کی حیثیت سے دنیا میں پھیل گئی ہے، اس لئے اب اس کا رسم الخط خود اپنا رسم الخط ہوگیا ہے ، اردورسم الخط کی جو بات ہے ،وہ دوسری زبان کے رسم الخط میں نہیں ہے ،یہی نہیں، بلکہ بہت سی دفعہ دوسرے رسم الخط میں لکھنے سے لفظ کے معنی بھی بدل جاتے ہیں، اس لئے اردو زبان کو اردو رسم الخط میں لکھنا ضروری ہے ،تاکہ معنی میں تبدیلی نہ آئے اور زبان کی خصوصیت برقرار رہے۔
ہم لوگ آسانی کے لئے اردو کو رومن رسم الخط میں یا دیوناگری رسم الخط میں لکھتے ہیں ، اور سمجھتے ہیں کہ ہم نے اپنی بات لوگوں تک پہنچا دی ،مگر ہم نے اس پر غور نہیں کیا کہ ہم نے جو رومن یا دیوناگری رسم الخط میں لکھا ،اس سے بہت سے الفاظ کے معنی بدل گئے اور ہم نے اپنے پڑھنے والے کو صحیح مواد فراہم نہیں کیا ، اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہم سب اردو رسم الخط میں لکھنے کی عادت ڈالیں ، یہ زبان کی حفاظت کا ذریعہ بھی ہے اور پڑھنے والوں کو صحیح مواد فراہم کرنے کا طریقہ بھی ہے۔
اردو رسم الخط میں لکھنا بہت آسان ہے ،چند دنوں کے بعد آپ مہارت حاصل کرلیں گے ،اس کے لئے آپ مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کریں :
(1) اپنے موبائل میں اردو کی بورڈ ڈاؤن لوڈ کرلیں یا کسی سے ڈاؤن لوڈ کرالیں
(2) روزانہ اس کی بورڈ پر کچھ لکھا کریں ،بہتر ہوگا کہ روزانہ اس کے لئے صرف 30؍ منٹ فارغ کریں ،اور کی بورڈ پر اردو رسم الخط میں لکھنے کی عادت ڈالیں۔
(3) بہت سے گروپ میں کمپیوٹر آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری ہے ،آپ ان سے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں ۔
اس طرح چند دنوں کی محنت کے بعد اردو رسم الخط میں لکھنے کے قابل ہو جائیں گے،امید کہ آپ اپنی زبان کی حفاظت کے لئے کچھ وقت فارغ کریں گے ،اللہ تعالیٰ ہم سب کی مدد کرے ۔