لکھنؤ :
گزشتہ دنوں لکھنؤ سے گرفتار کئے گئے مبینہ القاعدہ کے دہشت گرد پریشر کوکر بم بنانے کے لیے ماچس کی تیلیوں سے بارود اکٹھا کررہے تھے ۔ منہاج نے ایک کوکر بم تیار بھی کر لیا تھا ۔ عدالت کو دی گئی جانکاری میں اے ٹی ایس نے بتایا ہے کہ منہاج اور مشیر الدین کے پاس سے ڈھائی سو سے زیادہ کی تعداد میں ماچس کی ڈبیاں ،ایک بورے میں ماچس کی صرف تیلیاں اور خالی ڈبیاں ،لوہے کی کیلیں، چھرے ، پیچکس ،سولڈر ،کالا اور سفید پاؤڈر ،ڈٹرجنٹ پاؤڈر اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے ۔
اے ٹی ایس نے عدالت کو بتایا کہ کارروائی کے دوران منہاج کے قبضے سے برآمدکئے گئے ایک فون کو اس نے پٹک دیا تھا جس سے اس میں آگ لگ گئی تھی اور سم کارڈ جل گیا تھا۔ منہاج کے پاس سے تین اور موبائل فون برآمد کئے گئے ہیں ۔ عدالت کو دی گئی جانکاری کے مطابق اےٹی ایس نے مشیرالدین کے گھر سے سات لیٹر کاایک کوکر برآمد کیا تھا جس میں ہائی پاور بیٹری لگی ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ خودساختہ ڈیٹونیٹر بھی برآمد کیا گیا تھا۔ منہاج کے پاس سے دو کوکر برآمد ہوئے تھے ۔ جس میں سے ایک بم کی شکل میں تیار کیا جا چکا تھا ۔ اے ٹی ایس برآمد کئے گئے سامانوں کی نہ صرف جانچ کرا رہی ہے بلکہ مذکورہ سامان دستیاب کرانے والوں کی بھی تلاش کررہی ہے ۔
اے ٹی ایس نے عدالت کو بتایا ہے کہ انسٹا گرام پر 9-10مہینے پہلے فوج کے ذریعہ بچے کو گولی مارنے کی تصویر پوسٹ کی گئی تھی۔ اس پوسٹ پر توحید نام کے شخص نے کمینٹ کیا تھا کہ اس کا بدلہ لیاجانا چاہئے۔ توحید کے اس کمینٹ کو منہاج نے لائک کیا تھا۔ مارچ مہینے میں توحید نے منہاج سے رابطہ کیا اور بتایا کہ میرے بڑے تم سے بات کریں گے جو میرے امیر ہیں۔ دو تین دن بعد موسیٰ نام کی آئی ڈی سے ٹیلی گرام ایپ پر سلام کامیسیج آیا۔ منہاج نے اس کا جواب دیا۔ منہاج سے موسیٰ نے کانفیسنگ مانگی۔ منہاج نے اس کا ویڈیو بنا کر موسیٰ کو بھیج دیا۔ پھر موسیٰ نے منہاج سے ماچس کے مسالے اور بارود جمع کرنے کے لیے کہا۔ اس دوران توحید اور موسیٰ اسے لگاتار ویڈیو بھیج رہے تھے ۔ منہاج نے ان ویڈیو کو مشیرالدین سے بھی شیئر کیا۔ منہاج نے بتایاکہ وہ لکھنؤ میں القاعدہ کا ماڈیول کھڑا کرنا چاہتا تھا۔
اے ٹی ایس نے عدالت کو بتایا کہ منہاج کے پاس سے چار موبائل فون ، ایک موبائل جل ہوا ، دو سم کارڈ ، ایک پستول.32 بور ، چار زندہ کارتوس ، 8 ڈبے چھرے ، ایک وزن کرنے کی الیکٹریکل مشین ، چار چاقو ، ایک پلاسٹک کے ڈبے میں پوٹاشیم پرمنگیٹ پاؤڈر ، دو پلاسٹک کے ڈبوں میں کالے رنگ کا پاؤڈر ، دو پلاسٹک کے ڈبوں میں سفید رنگ کا پاؤڈر ، ایک پلاسٹک کی پولیتھن میں سلفر ، دو پریشر کوکر ، 28پیکٹ ماچس ہوم لائٹ ہر ایک بنڈل میں 6ماچس اور 5 کھلی ماچس ، ایک پیچکس ، ایک بوری میں خالی تیلیاں و ماچس کے کھوکھے ،ایک کالے رنگ کی پلاسٹک کی پولیتھن میں کوئلہ ، ڈٹرجنٹ پاؤڈر کی دو بالٹی ، ربر بینڈ ، کمپاس ، ہتھوڑا ، بیٹری ، آئی کارڈ ، ایک پین ڈرائیو ، ڈیبٹ کارڈ ، پاس بک ، ڈی ایل ، آدھار کارڈ اور پین کارڈ برآمد کئے گئے ہیں ۔
وہیں مشیرالدین کے پاس سے ایک عدد کوکر سات لیٹرجس پر ہائی پاور بیٹری لگی ہوئی ہے ، ایک خود ساختہ ڈیٹونیٹر ، دو عدد موبائل فون ، لوہے کی کیلیں ڈھائی کلو، دوعدد الیکٹرکل سولڈر ، سولڈر وایئر، ایک ہولڈر میں لگا ایل ای ڈی بلب، 78 پیکٹ ہوم لائٹ ماچس کے پیکٹ ، لوہے کے چھرے، ایک ٹکڑا ریگ مارک، ایک عدد ٹیسٹر ، تین عدد ڈبل سائڈ ٹیپ، ایک سیلو ٹیپ، ایک قینچی ، ایک مقناطیس جس میں کئی سوئی چپکی ہوئی، ایک سیمسنگ بیٹری ، ایک میگنفائنگ گلاس ،کچے دھاگے کی ستلی ، ایک پولیتھن میں دو پاس بک ،ایک پولیتھن میں ایم سی ایل برآمد کی گئی ہے ۔