نئی دہلی:لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جمعہ کو بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پارلیمنٹ میں ان کی ‘چکرویوہ’ والی تقریر کے بعد ان پر چھاپہ مارنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ کانگریس ایم پی نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی کے ‘اندرونی’ ذرائع نے اس بارے میں معلومات دی ہیں۔
ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے کہا، "ظاہر ہے،2ان ون کو میری چکرویوہ والی تقریر پسند نہیں آئی۔ ای ڈی کے ‘اندرونی’ لوگوں نے مجھے بتایا کہ چھاپوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ کھلے بازوؤں کے ساتھ ای ڈی کا انتظار کر رہا ہوں۔ میں یہاں چائے اور بسکٹ کے ساتھ ہوں۔ "
دراصل، 29 جولائی کو لوک سبھا میں مرکزی بجٹ 2024 پر بولتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسان، مزدور اور نوجوان خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کمل کے نشان کو نمایاں طور پر ظاہر کرنے پر پی ایم مودی کی تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ 21ویں صدی میں ایک نیا ‘چکرویوہ’ تشکیل دیا گیا ہے۔