صدر جمعیت مولانا محمود مدنی کی سنبھل کے ذمہ داروں سے ملاقات،مغموم اہل خانہ کے زخموں پر مرہم
مقامی پولیس گرفتار شدگان پر دباؤ بناکر بیان بدلوارہی ہے:مولانا حکیم الدین قاسمی کا الزام
نئی دہلی ۲۸ ٖ؍ نومبر: سنبھل میں پولس انتظامیہ نے جو انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے ، ہم اس کے خلاف ہر سطح پر لڑیں گےاور مظلوموں اور بے قصور گرفتار شدگان کو انصاف دلائیں گے ۔ یہ اعلان آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے رجب پور امروہہ میں سنبھل حادثہ سے متعلق ہوئی ایک اہم میٹنگ میں کیا۔مولانا مدنی نے اعلان کیا کہ جمعیۃعلماء ہند سبھی شہدا کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپے دے گی ، نیز جو زخمی ہوئے ہیں ان کے علاج و معالجہ کے لیے دست تعاون بڑھایا جائے گا ۔ اس میٹنگ میں جمعیۃ علماء امروہہ ، جمعیۃعلماء سنبھل اور جمعیۃ علماء مرادآباد کے ذمہ داران موجود تھے جس میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی اور جمعیۃ علماء ہند کے خازن مولانا قاری شوکت علی اور مفتی محمد عفان منصورپوری بھی شریک ہوئے۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے تینوں اضلاع کے ذمہ داران پرمشتمل ایک ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی جس کے کنوینر حافظ محمد شاہد صدر جمعیۃ علماء سنبھل ہوں گے ، نیز ایک قانونی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔
دوسری طرف ٹی ایم یویونیورسٹی کے ہاسپیٹل میں زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد جمعیۃعلماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے سخت اعتراض ظاہر کیاکہ زیر علاج زخمیوں کے پیروں میں بیڑیاںڈالی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے پولس محکمہ زیر علاج محروسین پر دباؤ بنا رہا ہے کہ وہ اپنے بیانات کو بدل دے ، جو انصاف و قانون کے خلاف ہے اور ہم اس کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے ہیں ۔
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں آج صبح پولس فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کے متعلقین سے ٹی ایم یو ہسپتال میں مل کر مزاج پرسی کی، ان مجروحین کا علاج پولس کی سخت نگرانی میں ہورہا ہے۔ان میں ایک محمد عظیم ابن خلیل احمد ساکن ساہواج پور کلاں سنبھل ہیں جب کہ دوسرے محمد حسن ساکن نخاسہ محلہ بڑا بازار سنبھل ہیں جن کے دائیں بازو میں گولی لگی ہے، ان کے والد عرفان احمد کا قریب بیس روز قبل انتقال ہوا تھا، والدہ عدت میں ہیں ا ور تیسرے محمد وسیم ساکن محمود کی سرائے ہیں ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا شفیق احمد القاسمی اور مولانا وحید الزماں قاسمی شامل ہیں ۔ وفد اور میٹنگ میں سنبھل سے حافظ محمد شاہد صدر جمعیۃعلماء سنبھل ، مولانا عبدالغفور نائب صدر جمعیۃ علماء سنبھل، مولانا ندیم اختر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء سنبھل، قاری ریاض الدین ،مولانا کلام الدین امام وخطیب پیرا ماؤنٹ مسجدمرادآباد،مولانا مفتی ابوبکر ابن مفتی محمد سلمان منصورپوری ، مفتی عبدالحق قاسمی، قاری نفیس، حاجی نسیم خازن جمعیۃعلماء شہر مرادآباد، مولانا عبدالجبار جویا، مولانا انس اور سلمان بھائی بھی شامل تھے ۔ جو ریلیف کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں مولانا شاہد، مولانا انس ،قاری یامین امروہہ، مولانا عبدالغفور ، حافظ دلدار، مفتی ارباب ، مولانا غیو ر احمد قاسمی دہلی شامل ہیں ۔(سورس:پریس ریلیز)