حزب اللہ نے کہا کہ اس نے اسرائیلی شہر حیفا کے قریب ایک بحری فوجی مرکز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جو 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں اس طرح کا دوسرا حملہ ہے۔ایران کے حمایت یافتہ لبنانی گروپ نے کہا کہ اس نے "اسرائیلی دشمن کے حملوں اور قتلِ عام کے جواب میں” حیفا کے شمال مغرب میں سٹیلا میریس بحری فوجی مرکز کو میزائلوں کے ایک سلسلے سے نشانہ بنایا
حزب اللہ نے جمعرات کو اسی جگہ پر ایک اور حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ایک علیحدہ بیان میں گروپ نے حیفہ کے شمال جنوب میں واقع رمات ڈیود نامی فضائی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ستمبر سے اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی جاری ہے جب اس نے اپنی شمالی سرحد کو محفوظ کرنے کے لیے جنگ کا دائرہ وسیع کر دیا تھا۔حزب اللہ کے خلاف مہم کے آغاز میں اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے کیے اور بعد میں ملک کے جنوبی حصے میں زمینی افواج بھجوائیں۔ اسرائیل نے اس مہم کا باقاعدہ آغاز ایک سال سے جاری سرحد پار حملوں کے تبادلے کے بعد کیا ہے۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ سال سے جاری اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 600 لبنانی ہلاک ہو چکے ہیں۔