امروہہ:(ایجنسی)
یوپی کے امروہہ میں ہولی کے موقع پر گانا بجانے پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑے کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان پتھراؤ ہوا اور کئی لوگ زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اس معاملے میں 6 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ امروہہ کے چھنگا دروازہ علاقہ کا ہے۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
جن ستہ کی رپورٹ میں بتایا کہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ جمعہ کو ہولی سے ایک دن پہلے کچھ لوگ ’یوگی پھر آیو رے‘ نام کا گانا بجا رہے تھے اور اس کے بغل میں ہی ایک مسجد ہے، جہاں پر نماز ادا کی جارہی تھی ۔ ایسا کہا جاتاہے کہ کچھ لوگوں نے نماز ہونے تک گانے کو روکنے کی مانگ کی، جس کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان تنازع ہو گیا۔ تنازع اتنا بڑھ گیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان پتھراؤ ہونے لگے اور اس میں کئی لوگوں کو چوٹ بھی آئی ۔
اس پورے واقعے پر پولیس نے کہا، ‘یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا، جب ہولی کے موقع پر موج مستی کرنے والے مسجد کے قریب لاؤڈ اسپیکر پر گانے بجا رہے تھے۔ اسے نماز کی ادائیگی تک رکنے کو کہا گیا، جس پر جھگڑا ہوگیا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جس سے دو افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
بتا دیں کہ علاقے میں ملی جلی آبادی ہے اور جھگڑا جمعہ کو تقریباً ڈیڑھ بجے شروع ہوا تھا۔ ڈی جے کی آواز بند کرنے پر جھگڑا ہوا تھا۔ دونوں فریقین کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ پتھراؤ شروع ہو گیا۔ جلد بازی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر تعینات کردی گئی اور پی اے سی کو بھی تعینات کرنا پڑا۔ پولیس نے پہلے وہاں سے دونوں اطراف کے لوگوں کو منتشر کرنا پڑا۔ اس کے بعد دونوں طرف کے سینئر لوگوں سے بات کرنے کے بعد معاملہ پرامن ہوا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی چندر پرکاش شکلا، سی او سٹی وجے کمار رانا موقع پر پہنچ گئے اور تنازع کو ختم کیا۔ امروہہ سے موجودہ ایم ایل اے محبوب علی ہیں اور ان کا تعلق سماج وادی پارٹی سے ہے۔ امروہہ ضلع میں 4 اسمبلی سیٹیں ہیں جن میں سے 2 پر بی جے پی اور 2 پر سماج وادی پارٹی کا قبضہ ہے۔ محبوب علی 2002 سے مسلسل ایم ایل اے منتخب ہوتے رہے ہیں۔