روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایران کے ساتھ روس کی سٹریٹجک پارٹنر شپ کے امکانی معاہدے کے بارے میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی یہ شراکت داری کسی اور ملک کے خلاف نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار منگل کے روز کیا ہے۔کریملن نے ایک روز قبل اطلاع دی تھی کہ روس کے صدر ولادی میر پوتین اور ایران کے صدر مسعود پیزشکیان 17 جنوری کو دوطرفہ مذاکرات کے بعد اس غیرمعمولی معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔کریملن کے مطابق دونوں سربراہان تجارت و سرمایہ کاری، نقل و حمل اور انسانی وسائل کے حوالے سے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر غور کریں گے۔ نیز علاقے اور بین الاقوامی سطح پر موجود صورتحال کا جائزہ لیں گے۔