تحریر:ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
گزشتہ مہینے مجھے بار بار سفر کرنے کا موقع ملا _ ایک مرتبہ میری توجہ دعائے سفر کی طرف مبذول ہوئی تو مجھے اس کی معنویت دیکھ کر خوش گوار حیرت ہوئی _ یہ دعا اگر کوئی شخص سمجھ کر پڑھے تو دورانِ سفر بہت زیادہ سکون اور طمانینت محسوس کرے گا _۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ جب کہیں سفر کے لیے نکلتے تھے تو سواری پر بیٹھتے وقت تین مرتبہ اللہ اکبر کہتے تھے ، پھر قرآن کی اس آیت کی تلاوت کرتے تھے :
سُبۡحٰنَ الَّذِىۡ سَخَّرَ لَنَا هٰذَا وَمَا كُنَّا لَهٗ مُقۡرِنِيۡنَۙ وَاِنَّاۤ اِلٰى رَبِّنَا لَمُنۡقَلِبُوۡنَ ( الزخرف :13_ 14)
’’ پاک ہے وہ ذات جس نے ہمارے لیے اِن چیزوں کر مسخر کر دیا ، ورنہ ہم انہیں قابُو میں لانے کی طاقت نہ رکھتے تھے اور ایک روز ہمیں اپنے ربّ کی طرف پلٹنا ہے ۔‘‘
پھر یہ دعا کرتے تھے :
اللَّهُمَّ إِنَّا نَسْأَلُكَ فِي سَفَرِنَا هَذَا الْبِرَّ وَالتَّقْوَى ، وَمِنَ الْعَمَلِ مَا تَرْضَى ، اللَّهُمَّ هَوِّنْ عَلَيْنَا سَفَرَنَا هَذَا ، وَاطْوِ عَنَّا بُعْدَهُ ، اللَّهُمَّ أَنْتَ الصَّاحِبُ فِي السَّفَرِ ، وَ الْخَلِيفَةُ فِي الْأَهْلِ ، اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ وَعْثَاءِ السَّفَرِ ، وَكَآبَةِ الْمَنْظَرِ ، وَسُوءِ الْمُنْقَلَبِ فِي الْمَالِ وَالْأَهْلِ _
’’ اے اللہ ! ہم تجھ سے اپنے اس سفر میں نیکی ، تقویٰ اور تیرے نزدیک پسندیدہ اعمال کا سوال کرتے ہیں _ ۔
اے اللہ! ہمارے لیے اس سفر کو آسان بنادے اور اس کی دوری کو لپیٹ دے ۔ اے اللہ! تو ہی سفر میں ساتھی اور گھر والوں میں جانشین ہے ۔
اے اللہ ! میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں سفر کی مشقّت ،غم اور دل شکستگی پیدا کردینے والے مناظر اور مال اور گھر والوں کی طرف بری حالت میں واپسی سے _‘‘
پھر جب آپ سفر سے واپس ہوتے تو بھی یہی دعا کرتے اور اس میں ان الفاظ کا اضافہ کرتے تھے :
آيِبُونَ ، تَائِبُونَ ، عَابِدُونَ ، لِرَبِّنَا حَامِدُونَ ( مسلم :1342)
’’ ہم خیر کے ساتھ واپس ہورہے ہیں ، گناہوں سے توبہ کرنے والے ہیں ، عبادت کرنے والے ہیں اور اپنے رب کی حمد کرنے والے ہیں _‘‘
غور کریں تو اس دعا میں ہمیں دین کی اہم باتوں کی تعلیم دی گئی ہے _۔
ہمیں سکھایا گیا ہے کہ :
- ہم اللہ سے نیکی اور تقویٰ کی توفیق مانگیں
- ایسے اعمال کے صدور کا سوال کریں جو اللہ تعالیٰ کو محبوب ہیں۔ _
- یہ دعا کریں کہ اللہ ہمارے لیے اس سفر کو آسان بنادے _۔
- یہ دعا کریں کہ اللہ طویل سفر سے لاحق ہونے والی تکان سے محفوظ رکھے۔
- یہ دعا کریں کہ اللہ ہمیں سفر کے دوران اپنی حفاظت میں رکھے اور جب ہم اپنے گھر والوں سے دور ہوں تو ان کی حفاظت فرمائے _ ۔
- یہ دعا کریں کہ اللہ ہمیں سفر کی مشقّت سے بچائے اور دورانِ سفر ہمیں ایسے مناظر نہ دکھائے جو ہمارے لیے غم اور دل شکستگی کا باعث ہوں _۔
- یہ دعا کریں کہ جب ہم اپنے گھر واپس پہنچیں تو اپنے گھر والوں کو اور اپنے مال اسباب ، زمین جائیداد اور دیگر چیزوں کو اسی طرح پائیں جیسے انہیں چھوڑ کر سفر پر نکلے تھے۔ غور کیجیے _ سفر کی یہ دعا ہمیں کن چیزوں کی تلقین کرتی اور کیا کیا سکھاتی ہے؟
ہمیں چاہیے کہ ہم یہ دعا یاد کرلیں اور ہر سفر میں ، چاہے چھوٹا ہو یا طویل ، اسے پڑھنے کا اہتمام کریں _۔