ممبئی:
ان دنوں مہاراشٹر کی سیاست میں ہر روز نئی تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ اتوار کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور این سی پی رہنما شرد پوار کی ملاقات کی خبریں آرہی ہیں۔ ان دونوں کی ملاقات سیاسی گلیاروں میں کئی قیاس آرائیوں کو تقویت بخش رہی ہے۔ امکانات پیدا کیے جارہے ہیں کہ ایک بار پھر بی جے پی اور این سی پی کے مابین کچھ کھچڑی پک رہی ہے۔ وزیر داخلہ اور شرد پوار سے ملاقات کی خبر کے بعد یہ سوال پیدا ہوا ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے خود کہا کہ ہر چیز کو عام نہیں کیا جاسکتا۔
وزیر داخلہ شاہ کے اس جواب نے مہاراشٹرا کی سیاست میں نئی قیاس آرائیوں کو مزید تقویت بخشی ہے۔ انہوں نے احمد آباد میں ہونے والی اس ملاقات سے بھی انکار نہیں کیا ہے۔ ہولی سے ایک دن قبل ملک کی سیاست کے دو بڑے رہنماؤں کی خفیہ ملاقات مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بڑے ردوبدل کا اشارہ دے رہی ہے۔
بتادیںکہ جب شیوسینا نے 2019 میں بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے سے انکار کردیا تھا ، تب اچانک بی جے پی اور این سی پی کے بڑے رہنما اجیت پوار نے مل کر اپنی حکومت بنائی۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بن چکے تھے۔ لہٰذا یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ کچھ ایسا فارمولیشن دوبارہ بنایا جاسکتا ہے۔