جے پور:جنید ناصر قتل کیس میں گرفتار ملزم مونو مانیسر اس وقت پولیس ریمانڈ پر ہے۔ مونو مانیسر ایک کے بعد ایک کئی راز کھول رہا ہے۔ دریں اثنا، اس نے اعتراف کیا ہے کہ گئورکھشکوں نے اسے ناصر اور جنید کے قتل سے صرف ایک ہفتہ قبل ان دونوں کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں۔ ساتھ ہی مبینہ گئورکھشکوں کے گروپ میں دونوں کی گاڑی کا نمبر اور موبائل نمبر بھی شیئر کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ اس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ جنید ناصر کی بولیرو گاڑی میں کوئی گائے نہیں تھی۔ ان کو سبق سکھانے کے لیے اس نے قتل کا مکمل منصوبہ 8 دن پہلے ہی بنا لیا تھا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ناصر اور جنید کے قتل سے تقریباً ایک ہفتہ قبل ناصر اور جنید کی گاڑی اور موبائل نمبر مبینہ کئورکھشکوں کے گروپ میں شیئر کیے گئے تھے۔ اس کے بعد دونوں کو مارنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ دراصل، پولیس نے جنید-ناصر قتل کیس کے ملزم مونو مانیسر کو منگل کو ہریانہ کے مانیسر سے گرفتار کیا تھا۔ ہریانہ پولیس نے اس کی گرفتاری کے بعد اسے راجستھان پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
مونو مانیسر نے دوران تفتیش یہ بھی بتایا کہ جنید اور ناصر کو سبق سکھانے کے لیے اغوا اور قتل کا مکمل منصوبہ 8 دن پہلے تیار کیا گیا تھا۔ مونو مانیسر کا کہنا ہے کہ جنید-ناصر کے قتل کے بعد وہ ملک سے فرار ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جنید اور ناصر کو کب اور کہاں سے اٹھانا ہے اس کا فیصلہ پہلے سے ہو چکا تھا اور اس کے لیے وہ تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد واقعے سے 2-3 دن پہلے راجستھان بارڈر کے قریب پہنچے تھے۔ جنید اور ناصر کے بارے میں معلومات، ان کی گاڑیوں کے نمبروں سے لے کر ان کے موبائل نمبر تک، جرم میں ملوث ان کے ایک ساتھی نے دی تھی۔