گورکھپور :(ایجنسی)
ہندوستان کی سیاست کی تصویر طے کرنے والی ریاست اتر پردیش کی انتخابی جنگ آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ چھٹے مرحلے کے لیے تین مارچ کو اور ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے سات مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چھٹے مرحلے میں 10 اضلاع کی 57 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ان اضلاع میں گورکھپور، امبیڈکر نگر، بلیا، بلرام پور، بستی، دیوریا، کشی نگر، مہاراج گنج، سنت کبیر نگر اور سدھارتھ نگر شامل ہیں۔
یہہیں انتخابی سینئر لیڈر
اس مرحلے میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور شہر سے میدان میں ہیں، وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی پتر دیوا، بنیادی تعلیم کے وزیر ستیش چندر ترویدی اٹاوہ، وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ بنسی، ریاستی وزیر شری رام چوہان گورکھپور کھجنی اور جے پرکاش نشاد رودر پور سے انتخابی میدان میں ہیں ۔
اس کے علاوہ گورکھپور کی چلوپار سیٹ سے ایس پی امیدوار ونے شنکر تیواری، امبیڈکر نگر کی جلال پور سیٹ سے ایس پی امیدوار راکیش پانڈے بھی بڑے انتخابی چہروں میں سے ایک ہیں۔
گورکھپور شہر ہے ہاٹ سیٹ
گورکھپور شہر یقینی طور پر یوگی آدتیہ ناتھ کے انتخابی میدان میں ہونے کے بعد سے سب سے زیادہ ہاٹ سیٹ ہے۔ گورکھپورشہر سیٹ پر کل 4.5 لاکھ ووٹر ہیں۔ ان میں کائستھ ووٹروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اس سیٹ پر کائستھ ووٹرز کی تعداد 95,000، برہمن ووٹرز 55,000 اور کشتریہ ووٹرز کی تعداد 25,000 ہے۔ اس کے علاوہ اس سیٹ پر 50,000 مسلمان، 25,000 یادو اور 20,000 دلت ووٹر اور 30,000 دوسری ذاتوں کے ووٹر ہیں۔
اس سیٹ پر 1989 سے اب تک بی جے پی کا قبضہ رہاہے۔ پچھلے چند مہینوں میں بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کا زور پوروانچل پر تھا۔ یوگی آدتیہ ناتھ گورکھپور میں گورکشناتھ پیٹھ کے مہنت ہیں۔ وہ یہاں سے پانچ بار ایم پی رہ چکے ہیں اور ان کے ایک ہندو فائر برانڈ لیڈر کی شبیہ کی وجہ سے گورکھپور اور آس پاس کے علاقوں میں ان کے حامیوں کی بڑی تعداد ہے۔
یہ یوگی آدتیہ ناتھ کا پہلا اسمبلی الیکشن ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا بی جے پی گورکھپور ضلع اور اس سے ملحقہ سیٹوں پر اسمبلی الیکشن لڑ کر کوئی فائدہ حاصل کرتی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف ایس پی نے بی جے پی کے سابق لیڈر اوپیندر دت شکلا کی بیوی سبھاوتی شکلا کو میدان میں اتارا ہے، جب کہ دلت لیڈر اور آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد بھی یہاں یوگی آدتیہ ناتھ کو چیلنج کر رہے ہیں۔
مودی-یوگی کا سہارا
چھٹے اور ساتویں مرحلے میں بی جے پی کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے بہت امیدیں ہیں۔ کیونکہ چھٹے مرحلے میں گورکھپور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں، جب کہ ساتویں مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقہ وارانسی اور اس کے آس پاس کے اضلاع میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان علاقوں میں ایس پی اور بی ایس پی بھی کافی مضبوط رہی ہیں، لیکن 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو یہاں اچھی کامیابی ملی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی وارانسی میں 3 دن قیام کریں گے۔ وزیراعظم 3 مارچ سے 5 مارچ تک انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس دوران وزیر اعظم مرزا پور، بھدوہی، جونپور اور چندولی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
پوروانچل کے اس علاقے میں اس بار اوم پرکاش راج بھر کی قیادت والی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی ایس پی کے ساتھ ہے جبکہ پچھلی بار اس کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد تھا۔
انتخابات کے ہر مرحلے کی طرح ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے اس مرحلے میں بھی خوب پسینہ بہایا ہے۔
اتر پردیش میں 292 سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہے اور 111 سیٹوں پر ووٹنگ ہونا باقی ہے۔ مغرب سے شروع ہونے والا الیکشن اودھ، بندیل کھنڈ سے ہوتے ہوئے پوروانچل تک پہنچ گیا ہے۔ اب تک کے مراحل میں بی جے پی اور ایس پی اتحاد کے درمیان سخت مقابلہ رہا ہے۔ ان دو مرحلوں میں بھی ان دونوں کے درمیان سخت سیاسی مقابلہ ہے اور تمام سیاسی لیڈروں نے جیت کے لیے اپنا پورا زور لگا دیا ہے۔ انتخابی نتائج کی تاریخ بھی قریب ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ عوام کس کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں۔