جمعرات کو اترکاشی میں اس وقت ہاتھا پائی اور پتھراؤ کے بعد پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے جب ہندوتو وادی گروپوں کے سنگٹھن نے ایک مسجد کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے احتجاجی ریلی نکالی۔
انڈین ایکسپریس (Indian express) کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اتراکھنڈ کے اترکاشی قصبے میں یہ مسجد قانونی طور پر مسلم کمیونٹی کے ممبروں کی رجسٹرڈ زمین پر بنائی گئی تھی۔سنیکت سناتن دھرم رکھشک سنگھ کے بینر تلے جمعرات کو مظاہرین نے مسجد کو منہدم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مارچ کیا۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں آگے بتایا کہ اترکاشی کے ایس پی امیت سریواستو نے کہا کہ یہ واقعہ دوپہر تقریباً 2.30 بجے پیش آیا۔ احتجاج کا روٹ پہلے ہی طے کر لیا گیا تھا اور رکاوٹیں لگا دی گئی ۔ تاہم مظاہرین نے دوسری طرف (مسجد کی طرف) جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہم رکاوٹیں کھولیں، اور جب ایسا نہیں کیا گیا تو وہ مشتعل ہو گئے۔ ہاتھا پائی اور پتھراؤ ہوا اور انہوں نے بھیڑ کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔اس سال کے شروع میں، ایک آر ٹی آئی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مسجد کی قانونی حیثیت کے بارے میں جانکاری مانگی گئی تھی۔ جواب میں انتظامیہ نے کہا کہ ان کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہیں۔ اس کے بعد اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم پیش کیا گیا، جس میں مسجد کو منہدم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔