ممبئی:مہاراشٹر میں اورنگ زیب کو لے کر ہنگامہ آرائی کے درمیان اب دیویندر فڑنویس حکومت کے ایک وزیر نے خلد آباد شہر کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر سنجے شرساٹ نے کہا ہے کہ خلدآباد قصبہ جس میں مغل بادشاہ اورنگ زیب کا مقبرہ ہے، کا نام بدل کر رتنا پور رکھا جائے گا۔
سماجی انصاف کے وزیر، کچھ دیگر ریاستی رہنما اور دائیں بازو کی تنظیمیں چھترپتی سمبھاجی نگر قصبہ سے تقریباً 25 کلومیٹر دور خلدآباد سے اورنگ زیب کے مقبرے کو ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ اورنگ زیب، ان کے بیٹے اعظم شاہ، نظام آصف جاہ اور بہت سے دوسرے لوگوں کے مقبرے اس علاقے میں موجود ہیں۔
پچھلے مہینے کے شروع میں، شرساٹ نے کہا تھا کہ مہاراشٹر میں شہنشاہ اورنگ زیب کی قبر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، جنھوں نے چھترپتی سنبھاجی مہاراج کو تشدد کرکے قتل کیا تھا۔ پچھلے ہفتے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شرساٹ نے دعویٰ کیاتھا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر پہلے کھڑکی کے نام سے جانا جاتا تھا اور بعد میں اس کا نام اورنگ آباد رکھا گیا۔ شیرساٹ نے کہا کہ حکومت خلد آباد میں ایک یادگار بنانے کے بارے میں بھی مثبت سوچ رکھتی ہے۔ یہ چھترپتی شیواجی مہاراج اور ان کے بیٹے سنبھاجی مہاراج کی تاریخ کی علامت بن جائے گی۔