ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ قدس فورس کے ایک کمانڈر محمد رضا زاہدی شام کے دارالحکومت دمشق کے اطراف اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ محمد رضا زاہدی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سینئر کمانڈروں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے 2008 سے لے کر 2016 تک قدس فورس میں کام کیا۔ وہ شام اور لبنان میں گارڈ کے کمانڈر تھے۔ زاہدی نے 2005 سے لے کر 2008 تک آئی آر جی سی کی زمینی افواج کی کمانڈ بھی کی۔
وہ 2005 اور 2006 کے دوران گراؤنڈ گارڈ فورسز کے کمانڈر کے طور پر کام کرتے رہے اور اس دوران ثار اللہ بیس کی کمان بھی سنبھالی۔ وہ 2016 تا 2019 انقلابی گارڈ کے آپریشنز کے ڈپٹی چیف کے طور پر بھی کام کرچکے۔ رضا زاہدی ایران عراق جنگ کے دوران پاسداران انقلاب کے درمیانی کمانڈروں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے 1983 ے 1986 تک 44 ویں بریگیڈ قمر بنی ہاشم کی کمان سنبھالی۔ 2005 میں مختصر مدت کے لیے انہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کی کمان بھی کی تھی۔
شام اور لبنان میں پاسداران انقلاب کے چیف آف دی جنرل سٹاف بریگیڈیئر جنرل حسین امیر اللہ بھی حملے میں ہلاک ہوئے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز اسرائیل سے منسوب حملوں میں دمشق میں اطراف کو نشانہ بنایا گیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ ایرانی سفارت خانے کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب حملے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ آبزرویٹری کے مطابق اسرائیلی میزائلوں نے دارالحکومت دمشق میں میزے ہائی وے پر ایرانی سفارت خانے کے ساتھ ملحقہ عمارت کو تباہ کر دیا۔