ہری دوار:(ایجنسی)
مقامی عدالت نے جمعرات کو یتی نرسنگھانند کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا، جس کو خواتین کے بارے میں نازیبا بیان دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے کہا کہ یتی نرسنگھانند پر لگائے گئے الزامات سنگین ہیں، اس لیے انہیں ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
نرسنگھانند پر تعزیرات ہند کی دفعہ 295A اور 509 لگائی گئی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹوئٹر اور یوٹیوب پر دو ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جن میں مسلم خواتین کے خلاف قابل اعتراض بیانات ہیں۔
ہری دوار پولیس کے ترجمان انسپکٹر وپن پاٹھک کے مطابق، ’سوامی یتی نرسنگھانند کو خواتین پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر ’دھرم سنسد‘ کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ دھرم سنسد کا انعقاد گزشتہ سال دسمبر میں 17 سے 19 تک کیا گیا تھا۔