نئ دہلی ، پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے جمعہ کو آلٹ نیوز کے شریک بانی اور صحافی محمد زبیر کو ایک معاملے میں مشروط ضمانت دے دی مگر ابھی وہ جیل سے باہر نہیں آسکیں گے ان کے خلاف مزید کئ کیس ہیں ۔ زبیر کو یہ ضمانت ان کی جانب سے 2018 میں کی گئی ٹویٹس کے معاملے میں دی گئی ہے۔ اس معاملے میں سماعت کے بعد پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج دیویندر کمار جنگلا نے جمعرات کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ضمانت منظور کرتے ہوئے عدالت نے یہ شرط عائد کی ہے کہ زبیر عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔ اس کے ساتھ عدالت نے 50 ہزار روپے کا بانڈ بھرنے کی شرط بھی عائد کی ہے۔ چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت سے ضمانت نہ ملنے پر زبیر نے 2 جولائی کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ کا رخ کیا تھا۔ زبیر کو اس معاملے میں دہلی پولیس نے 27 جون کو گرفتار کیا تھا اور تب سے وہ جیل میں ہیں