نئی دہلی: (ایجنسی)
روہنی کورٹ میں پیشی کے لئے لائے گئے بدمعاش کی گولی باری میں موت کے حادثہ سے راجدھانی دہلی میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ دن دہاڑے عدالت احاطے میں ہوئی فائرنگ سے پولیس کے اعلیٰ افسران بھی حیران ہیں۔ بتایا گیا کہ فائرنگ کے دوران بدنام زمانہ گوگی گینگ کا سرغنہ جتیندر گوگی مارا گیا ہے۔ وہیں 4-3 دیگر لوگ بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ فائرنگ کے حادثہ سے عدالت کے احاطے میں ہنگامہ مچ گیا۔ نیوز 18 کے پاس دستیاب ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ گولیوں کی آواز کے درمیان عدالت میں لوگ ادھر ادھر بھاگتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ پولیس کے جوان بھی عام لوگوں اور عدالت میں آئے فریادیوں کو محفوظ کرتے ہوئے فائرنگ کا جواب دے رہے ہیں۔
روہنی عدالت میں فائرنگ کے حادثہ سے اس ایکسکلوزیو ویڈیو میں پولیس کے جوان جہاں فائرنگ کا معقول جواب دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں، وہیں لوگوں کو جائے حادثہ سے دور بھی کر رہے ہیں۔ عدالت کے احاطے میں اس وقت موجود لوگ اور عام فریادی بدہواس حالت میں عدالت سے باہر جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
آپ کو بتادیں کہ دہلی پولیس کے افسران نے روہنی کورٹ میں فائرنگ کے حادثہ کو گینگ وار ماننے سے انکار کردیا ہے۔ دہلی پولیس کے کمشنر راکیش استھانا نے میڈیا کو بتایا کہ یہ گینگ وار نہیں، بلکہ جتیندر گوگی پر کیا گیا حملہ ہے۔ دو بدمعاشوں نے عدالت کے احاطے میں پیشی کے لئے آئے جتیندر گوگی پر حملہ کیا۔
عدالت کے احاطے میں فائرنگ کے حادثہ کے بعد پولیس نے بتایا کہ گینگ کے سرغنہ کے اوپر فائرنگ کرنے والے بدمعاش وکیل کی ڈریس پہن کر عدالت پہنچے تھے۔ کسی کو ان کے خطرناک ارادوں پر شک نہ ہو، اس کے لئے بدمعاشوں نے کالے لباس کا فائدہ اٹھایا۔ عدالت میں جیسے ہی جتیندر گوگی پہنچا، بدمعاشوں نے اس پر فائرنگ شروع کردی۔ گولی لگتے ہی جتیندر شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ اسے آنا فاناً میں اسپتال لے جایا گیا، لیکن اس کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق، فائرنگ میں 50000 روپئے کے انعامی بدمعاش راہل سمیت ایک اور بدمعاش ہلاک ہوگیا۔