بھوپال : (ایجنسی)
ویب سیریز آشرم- 3 کو لے کر تنازع شروع ہو گیا ہے۔ بجرنگ دل کے کارکنوں نے اتوار کی شام بھوپال میں ویب سیریز آشرم-3 کے سیٹ پر پتھراؤ کرکے توڑ پھوڑ کی اور اس کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر پرکاش جھا پر ہندوؤں کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سیاہی پھینک دی۔
پتھراؤ میں اس ویب سیریز ٹیم کی دو بسوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ بجرنگ دل نے دھمکی بھی دی ہے کہ وہ اس ویب سیریز کی شوٹنگ مزید نہیں ہونے دیں گے۔
بھوپال کے ساؤتھ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سائی کرشنا تھوٹا کے مطابق پرکاش جھا کی ویب سیریز آشرم-3 کی شوٹنگ اریرہ ہلز میں واقع پرانی جیل میں چل رہی ہے، اسی دوران بجرنگ دل نے اس کے نام پر اعتراض کیا اور اتوار کی شام وہاں احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجرنگ دل کا کہنا ہے کہ اس ویب سیریز کا نام ہندو مذہب کے لیے موزوں نہیں ہے، کیونکہ اس میں وہ فحش مناظر فلمارہے ہیں۔ ٹھوٹا نے بتایا کہ بجرنگ دل کے لوگوں نے پرکاش جھا پر سیاہی پھینکی اور پتھراؤ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس پتھراؤ میں پارکنگ میں کھڑی دو بسوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم پتھراؤ میں کسی کو چوٹ نہیں آئی۔تھوٹا نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور دونوں فریقوں کو الگ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ بجرنگ دل کے کارکنوں نے پرکاش جھا اور بالی ووڈ اداکار بابی دیول کے خلاف بھی نعرے لگائے اور ان پر ہندو جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔ بابی دیول ویب سیریز آشرم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
دوسری طرف بجرنگ دل کے ریاستی کنوینر سشیل سدھیلے نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ’ہماری تنظیم کے کارکنان بھوپال میں ویب سیریز آشرم کی شوٹنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ویب سریز آشرم -3نام کو لے کرہمیں اعتراض ہے، کیونکہ جھا جس قسم سے اس میں فحش مناظر کو فلما رہےہیں اس طرح کے آشرم میں انتظامات ہی نہیں ہوتے۔
ابھی تک پروڈیوسر اور ڈائریکٹر پرکاش جھا کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔