نئی دہلی(ایجنسی)
وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وبا کی وجہ سے ’جھٹکا‘ کھائی ہندوستانی معیشت کے پٹری پر لوٹنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سورت میں ایک پروگرام میں اپنے ورچوئل خطاب میں پی ایم نے کہاکہ کورونا کے مشکل وقت کے بعد ہماری معیشت نے جتنی تیزی سے واپسی کی ہے، اس سے پوری دنیا بھارت کو لے کر امید سے بھری ہوئی ہے ۔ ابھی حال ہی میںایک عالمی ادارہ نے بھی کہا ہے کہ بھارت پھر دنیا کی سب سے تیزی سےترقی کرنے والی معیشت بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سردار پٹیل کے نقش قدم پر چلنا چاہئے جنہوں نے کہا تھا کہ ترقی میں ذاتوں اور فرقوں کو رکاوٹ نہیں بننا چاہئے ۔
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نےکہا کہ خودکفیل ہندوستان مہم کے تحت ہمارا مقصد ہندوستان کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت بنانا ہے اور یہاں ایک جدید فوجی صنعت کو ترقی دینا ہے۔ مسٹر مودی نے یہ بات وزارت دفاع کی جانب سے جمعہ کو وجےدشمی کے موقع پر سات نئی دفاعی کمپنیوں کو قوم کے لیے وقف کرنے کے لیے منعقدہ ایک ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور دفاعی صنعت ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ خودکفیل ہندوستان مہم کے تحت ملک کا ہدف ہندوستان کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت بنانا ہے اور ہندوستان میں جدید فوجی صنعت کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سات کمپنیاں آنے والے وقتوں میں ملک کی فوجی طاقت کا مضبوط اڈہ بن جائیں گی۔
سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کی تشکیل سے ڈاکٹر کلام کا ایک مضبوط ہندوستان بنانے کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج سابق صدر بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جی کا یوم پیدائش ہے۔ ایک طاقتور ہندوستان کی تعمیر کے لیے جس طرح کلام صاحب نے اپنی زندگی وقف کی، یہ ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔
دفاعی شعبہ میں حکومت کی طرف سے کی گئی اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں دفاعی شعبے میں اس سے زیادہ شفافیت ، اعتماد اور ٹیکنالوجی پر مبنی اپروچ پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آزادی کے بعد پہلی بار ہمارے دفاعی شعبہ میں اتنی بڑی اصلاحات ہورہی ہیں ، جمود کی پالیسیوں کے بجائے سنگل ونڈو سسٹم کا نظم کیا گیا ہے۔









