نئی دہلی : (ایجنسی)
سپریم کورٹ میں ایک پی آئی ایل دائر کی گئی ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ مرکز سرکار کو نفرت پھیلانے والے بیان اور افواہ پھیلانے سے روکنے کے اقدامات کرنے کے ہدایت دے ۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مرکز کو ہدایت کرے کہ وہ اس سے متعلق مختلف بین الاقوامی قوانین کی جانچ کرے اور نفرت انگیز تقریروں اور افواہوں کو روکنے کے لیے سخت اور موثر اقدامات کرے۔ دسہرہ کی چھٹی کے بعد سپریم کورٹ اس پی آئی ایل کی سماعت کر سکتی ہے۔
درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں لاء کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کی بھی ہدایت کرے۔ یہ عرضی بی جے پی لیڈر اور وکیل اشونی اپادھیائے نے ذاتی حیثیت سے وکیل اشونی دوبے کے معروفت دائر کی ہے۔ اس میں وزارت داخلہ ، وزارت قانون و انصاف اور لاء کمیشن کو مدعا بنایا گیا ہے۔
اپادھیائے نے درخواست میں کہا ہے کہ نفرت اور نفرت پھیلانے سے شہریوں پر شدید اثر پڑتا ہے۔ اس کے ذریعے لوگوں اور معاشرے کو دہشت گردی ، نسل کشی ، ذات پات کی طرف دھکیلا جا سکتا ہے۔ اس سے لوگوں کی زندگی اور تحفظ کو خطرہ ہے۔ نفرت انگیز تقریر سماجی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ اگر اسے کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ لوگوں کی زندگیوں پر تباہ کن اثرات مرتب کر سکتا ہے۔









