نئی دہلی (ایجنسی)
پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان دہلی والوں کی جیب پر اب سبزیوں کا وزن بھی بھاری پڑنے لگا ہے ۔ ٹماٹر کی بڑھتی کی قیمتوں کی وجہ سے رسوئی کا بجٹ بگڑ گیاہے ۔ ایسے میں بڑھتی مہنگائی سے لوگ زیادہ پریشان ہیں ۔
غازی پور سبزی منڈی کے ایک دکاندار نے بتایا کہ ٹماٹر کی تھوک میں قیمت 60 روپے فی کلو ہے، لیکن ریٹیل مارکیٹ تک پہنچتے پہنچتے اس کی قیمت میں آگ لگ جاتی ہے۔ ریٹیل بازار میں یہ ٹماٹر 70-80روپے کلو کے حساب سے بک رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے سبزیوں کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں بھی اس کی اہم وجوہات میں سے ایک ہیں۔
کئی علاقوں میں پیاز لوگوں کی آنکھوں سے آنسو بھی نکال رہا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک پیاز جو کہ 25-30 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوتی تھی اب دوگنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ کئی جگہوں پر اس کی قیمت 60-70 روپے فی کلو تک بڑھ گئی ہے۔









