نئی دہلی :(ایجنسی)
| بھارت کی شمال مشرقی ریاست تریپورہ میں مسلمانوں کی مساجد، گھروں اور دکانوں پر حملوں کے واقعے پر جمعہ کو ملک بھر میں مظاہرے ہوئے، جس میں پنجاب میں بھی لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ پنجاب کے شہر لدھیانہ میں جامع مسجد کے باہر نماز جمعہ بعد مظاہرہ کیا گیا اور تریپورہ حکومت کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔
شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے تریپورہ میں ہوئے حملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے شرم کی بات قرار دیا۔ انہوں نے اس معاملے میں مرکزی اور تریپورہ ریاستی حکومت کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
تریپورہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متعدد مساجد پر حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں نے لدھیانہ کی تاریخی جامع مسجد کے باہر تریپورہ حکومت کا پتلا جلایا۔
اس مظاہرے میں شامل شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے کہا کہ ملک میںفرقہ پرست طاقتیں سیاسی فائدہ کے لیے فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنا چاہتی ہیں ۔
شاہی امام پنجاب نے کہا کہ ’’ہندوستانی مسلمانوں نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ہے۔ حال ہی میں جب کشمیر، پاکستان اور بنگلہ دیش میں ہندو سکھ بھائیوں پر مظالم ہوئے تو مسلمانوں نے اس کی مذمت کی اور اسے اسلام کے خلاف قرار دیا۔ لیکن بنگلہ دیش میں تشدد کے بہانے تریپورہ میں مساجد پر حملے افسوسناک اور ملک کے لیے شرمناک ہیں۔








