نئی دہلی : (ایجنسی)
ہندوستان میں دیوالی سے پہلے عام عوام کو مہنگائی کا ایک بار پھر جھٹکا لگا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں 265 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم قیمتوں میں اضافہ کمرشل سلنڈروں میں کیا گیا نہ کہ گھریلو استعمال کے سلنڈروں پر۔ گھریلو ایل پی جی کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
اس اضافے کے بعد دہلی میں تجارتی سلنڈر کی قیمت 2000 روپے سے تجاوز کر گئی۔ پہلے اسے 1,733 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ ممبئی میں 19 کلو کا کمرشل سلنڈر پہلے 1,683 روپے میں فروخت ہوا تھا۔ آج کے اضافے کے بعد اب اس کی قیمت 1,950 روپے ہے۔ کولکتہ میں 19 کلو کے کمرشل سلنڈر کی قیمت اب 2,073.50 روپے ہیں اور چنئی میں اس کی قیمت بڑھ کر 2,133 روپے ہو گئی ہے۔
گھریلو استعمال کے لیے بنائے گئے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ قومی راجدھانی دہلی میں 14.2 کلو گرام کا بغیر سبسڈی والا ایل پی جی سلنڈر 899.50 روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گھریلو ایل پی جی کی قیمتوں میں 6 اکتوبر کو اضافہ کیا گیا تھا۔ کولکتہ میں 14.2 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 926 روپے ہے جبکہ چنئی میں اس کی قیمت 915.50 روپے ہے۔
خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خدشہ ہے کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں جلد ہی 1000 روپے کا ہندسہ عبور کر سکتی ہیں۔ اس سال اب تک گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں جنوری میں 694 روپے سے بڑھ کر 899.50 روپے ہو گئی ہیں اور اب مسلسل آٹھ اضافے کے بعد یہ رقم بھی سب سے زیادہ ہے۔









