نئی دہلی ( آر کے بیورو)
مغربی بنگال میں الامین مشن کی 70 برانچوں میں زیر تربیت 500 سے زائد اسٹوڈنٹس نے نیٹ کوالیفائی کیاہے۔ مالدہ ضلع کا توحید مرشد 690 نمبروں ( AIR472) کے ساتھ ٹاپر بناہے۔ اس سال لگ بھگ 1800 اسٹوڈنٹس NEET میں بیٹھے تھے ان میں سے 500 سے 550 طلبا کو میڈیکل میں ایڈمشن کا موقع ملے گا۔ الامین مشن مسٹر نورالاسلام کا قائم کردہ ادارہ ہے ۔ اس کا ہیڈ کوارٹر کھٹ پور ہاوڑہ مغربی بنگال میں ہے ۔ یہ ریاست کے 20 اضلاع میں 70 کوچنگ سینٹر چلاتا ہے ،جوامید وار کامیاب ہوئے ہیں ان میں زیادہ تر پسماندہ اضلاع مرشد آباد ( 139) اورمالدہ (89) کے ہیں ۔
یہ ادارہ 1988 میں قائم ہوا تھا جس نے اب تک ہزاروں قابل اور ذمہ دار شہری ملک کو دئے ہیں ۔ ان میں ڈاکٹر، پروفیسر، انجینئر وغیرہ کی بڑی تعداد ہے۔ اس ادارہ کے تحت 17 ہزار رہائشی طلبا کوچنگ حاصل کرتے ہیں۔ اس کاخاص ہدف سماج سے پسماندہ اور غریب خاندان کے طلبا ہیں، جن کو مفت یا پچاس فیصد رعایت کے ساتھ نیٹ (NEET) کی تیاری کرائی جاتی ہے۔ ان کا اسکل ڈیولپ کیا جاتا ہے ۔
مسٹر نورالاسلام کے مطابق مہم اپنا ہدف حاصل کرنے کے لیے زکوٰۃ وصدقات کا استعمال کرتے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ سماج کے متمول اور خوشحال افراد میدان میں آئیں تاکہ ضرورت مند باصلاحیت طلبا کو حتی الامکان سہولتیں دی جاسکتیں اور انہیں سماج کا اہل بنایا جاسکے ۔









