ممبئی: (ایجنسی)
مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک اتوار کے روز پھر پریس کے سامنے نمودار ہوئے اور کروز ڈرگس کے حوالہ سے کئی بڑے دعوے کئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آرین خان کا پورا کیس اغوا اور وصولی سے وابستہ ہے اور اس کا ماسٹر مائنڈ موہت کمبوج ہے۔ ملک نے یہ بھی الزام لگایا کہ موہت کمبوج وصولی میں این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے کا شراکت دار ہے۔
نواب ملک نے کہا کہ موہت کمبوج پر 1100 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کا الزام ہے، وہ پہلے کانگریس لیڈروں کے پیچھے پیچھے تھا لیکن حکومت تبدیل ہونے کے بعد وہ بی جے پی کے قریب ہو گیا۔
خیال رہے کہ موہت کمبوج نے ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس کی تھی اور اس میں سنیل پاٹل نامی شخص کو اس معاملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا۔ موہت نے پاٹل کو این سی پی لیڈروں کا قریبی بتایا تھا اور نواب ملک پر کئی الزامات بھی عائد کئے تھے۔
نواب ملک نے الزام لگایا کہ موہت کمبوج اور سمیر وانکھیڑے کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ موہت کمبوج 11 ہوٹل چلاتا ہے۔ ملک نے مزید کہا، ’ہم نے کہا تھا کہ کمبوج اور وانکھیڑے میں تعلقات ہیں، جلد ہی ان کی ملاقات کی ویڈیو جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا، چھ اکتوبر کو میری پریس کانفرس ہوئی اور 7 تاریخ کو وانکھیڑے اور کمبوج اوشیوارا کے قبرستان میں ملے۔ وہ خوش قسمت ہیں کہ پولیس کا سی سی ٹی وی بند تھا، ہمیں سی سی ٹی وی حاصل نہیں ہو سکا اور وانکھیڑے گھبرا کر وہاں سے چلے گئے کہ کوئی ان کا تعاقب کر رہا ہے۔
نواب ملک نے ایک بار پھر این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وانکھیڑے کا ایک ہی کھیل ہے کہ منشیات کا کاروبار جاری رہے، ڈرگ مافیا کو تحفظ دیا جائے اور ان سے رقم وصول کی جائے۔ فلمی دنیا کے لوگوں کو ڈرایا جائے اور ان سے ہزاروں کروڑ روپے وصول کئے جائین ، یہ کھیل وانکھیڑے کھیل رہے ہیں۔
نواب ملک نے مزید الزام لگایا کہ آرین خان کا پورا کیس اغوا اور وصولی کا ہے۔ آرین خان خود ٹکٹ خریدنے کے بعد سیر پر نہیں گئے۔ انہیں پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا وہاں لائے تھے۔ وہاں سے آرین خان کو اغوا کیا گیا اور 25 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ موہت کمبوج تاوان مانگنے میں وانکھیڑے کا ساتھی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آرین خان کو پھنسایا گیا تھا لیکن ایک سیلفی نے سارا کھیل ہی خراب کر دیا۔
نواب ملک نے کہا، ’’موہت کمبوج کا نسبتی بھائی ہے، اس کے دوست پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا ہیں۔ ان کے ذریعے آرین خان کو لے جایا گیا۔ وجے پگارے کے نام پر فارچیون ہوٹل میں ایک کمرہ بک کرایا گیا اور جشن منایا گیا کہ 2-3 تاریخ کو بہت بڑی رقم آنے والی ہے۔‘‘









