ممبئی : (ایجنسی)
آرین خان ڈرگسکیس میں گواہ وجے پگارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو اس کیس میں پھنسایا گیا ہے۔ یہی نہیں، گواہ نے پورے واقعہ کو ترتیب وار بتایا اور دعویٰ کیا کہ آرین خان کو پھنسانے کے لیے بڑا گیم پلان کیا گیا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آرین خان کو 3 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل سے ایک کروز شپ سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
گواہ وجے پگارے نے الزام لگایا کہ چھاپہ ماری کی کارروائی پہلے سے طے شدہ تھی۔ گواہ نے کہا، ’میں نے سنیل پاٹل کو 2018-19 میں کسی کام کے لیے پیسے دیئے تھے اور گزشتہ 6 ماہ سے میں اس پیسے کو واپس پانے کے لیے اس کا پیچھا کر رہا تھا۔ اس سال ستمبر میں ہم لوگ ایک ہوٹل کے کمرے میں تھے، جہاں سنیل پاٹل نے بھانوشالی کو بتایا کہ ایک بڑا کھیل ہوا ہے۔
پگارے نے مزید کہا کہ 3 اکتوبر کو بھانوشالی نے مجھ سے ملاقات کی اور مجھے رقم لینے کے لیے اپنے ساتھ چلنے کو کہا۔ جب میں اس کے ساتھ گاڑی میں تھا تو میں نے اسے یہ کہتے سنا کہ 25 کروڑ کا معاملہ تھا لیکن 18 کروڑ میں سودا طے پا گیا اور 50 لاکھ روپے لے لیے گئے ہیں۔ اس کے بعد ہم این سی بی کے دفتر پہنچے، جہاں میں نے سارا ماحول دیکھا۔ واپس ہوٹل پہنچا تو ٹی وی پر خبر دیکھی کہ شاہ رخ خان کا بیٹا پکڑا گیا ہے۔ تب میں سمجھ گیا کہ کوئی بڑا گڑبڑ ہے اور آرین خان کو پھنسایا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ 23 سالہ آرین خان کو 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور تقریباً تین ہفتے جیل میں گزارنے کے بعد اسے بمبئی ہائی کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔ اس سے قبل اس کیس کے ایک اور آزاد گواہ پربھاکر سیل نے الزام لگایا تھا کہ این سی بی کے کچھ اہلکاروں نے آرین کو رہا کرنے کے بدلے رقم بٹورنے کی کوشش کی۔ این سی بی پہلے ہی ان الزامات کی تفتیش کر رہی ہے۔









