نئی دہلی :(ایجنسی)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والے شخص کو ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ 23 سالہ رام ناگیش شرینواسن کو ممبئی پولیس کی سائبرسیل نے حیدرآباد سے گرفتار کیا ہے ۔ رام ناگیش پیشہ سے سافٹ ویئر انجینئر ہے ۔ اس سے پہلے ایک فوڈ ڈیلیوری ایپ کیلئے سافٹ ویئر بنانے کا کام کرتا تھا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رام ناگیش کو پولیس اب ممبئی لے کر آرہی ہے ۔ اس نے آئی آئی ٹی حیدرآباد سے بی ٹیک کیا ہے ۔ بتادیں کہ آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں ٹیم انڈیا کی شکست کے بعد کپتان وراٹ کوہلی کو زبردست ٹرول کیا گیا تھا ۔ ان کی نو مہینے کی بیٹی کو بھی دھمکیاں دی گئی تھیں ۔
اس پر دہلی خواتین کمیشن نے بھی دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا تھا ۔ کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے ٹویٹ کیا تھا کہ جس طرح سے نو مہینے کی بچی کو ٹویٹر پر دھمکیاں مل رہی ہیں ، وہ واقعی شرمناک ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان سے شکست کے بعد ٹیم انڈیا کے تیز گیند محمد سمیع کو بھی سوشل میڈیا پر جم کر ٹرول کیا گیا تھا ۔ ان کے مذہب کو لے کر انہیں ٹرول کیا جارہا تھا ۔ وہیں نیوزی لینڈ سے ملی شکست کے بعد وراٹ کوہلی اور تقریبا پوری ٹیم انڈیا کو ہی سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا گیا تھا ۔









