نئی دہلی : (ایجنسی)
کانگریس لیڈر سلمان خورشید کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رکن پارلیمنٹ حنان مولا کا متنازع بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ہندوستان میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔ حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ سیکولر نظام بنانے میں مدد نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کام طالبان دوسرے ممالک میں کر رہے ہیں، وہی کام بھارت میں آر ایس ایس کر رہا ہے۔
دراصل، ان دنوں کانگریس لیڈر سلمان خورشید کی کتاب ’سن رائز اوور ایودھیا‘ کافی تنازعات میں ہے۔ اپنی کتاب میں خورشید نے ہندوتوا کا موازنہ آئی ایس آئی ایس اور بوکو حرام جیسی دہشت گرد تنظیموں سے کیاہے۔ انہوں نے ہندوتوا کی سیاست کو خطرناک قرار دیا ہے۔ جب سے یہ کتاب سامنے آئی ہے ماحول گرم ہے۔ کئی مقامات پر سلمان خورشید کے خلاف پولیس میں شکایات درج کی جا رہی ہیں، جب کہ کتاب کی فروخت روکنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔









