نئی دہلی: (ایجنسی)
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے جمعہ کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو ’’بنیادی طور پر ملک دشمن‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون ایک خاص اقلیت کو نشانہ بناتا ہے۔
’کوئی بھی قانون جو کسی بھی کمیونٹی کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاتا ہے، بنیادی طور پر ملک مخالف ہے۔انہیں (مرک کو) اس کے ساتھ آگے نہیں بڑھنا چاہئے۔ میں اس حقیقت کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ دو سالوں سے انہوں نے ابھی تک قواعد نہیں لکھے ہیں اور نہ ہی قانون کو نافذ کیا ہے،‘‘ تھرور نے اے این آئی سے گفتگو کے دوران ا س خیال کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون ملک کو ’بے ضروری‘ تقسیم کر دے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک کی سماجی ہم آہنگی کو ’لاپروائی سے خطرے میں‘ نہ ڈالے۔
دریں اثناترنمول کانگریس کے ایم پی ڈولا سین نے خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کو زرعی قوانین کی طرح سی اے اے کو بھی منسوخ کرنا پڑے گا۔
’ایک مرکزی وزیر نےپارلیمنٹ میں ایک تحریری جواب میں کہاہے کہ نیشنل این آر سی کو پورے ہندوستان میں لاگوکرنے کا سردست کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے (مرکزی حکومت) تین زرعی قوانین کو منسوخ کر دیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ انہیں این آر سی کو منسوخ کرنا پڑے گا۔ گیند اب ان کے کورٹ میں ہے۔










