نئی دہلی :(ایجنسی)
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے لگتا ہے سستی مقبولیت کے لیے اپنے وزیر اعلیٰ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے متنازع اور اشتعال انگیز اقلیت مخالف بیانات کا ہتھکنڈہ اپنانا شروع کردیا ہے اب متھرا کی باری ہے کے بعد ایک بار پھر ایسا بیان دیا ہے جس سے ہنگامہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ ایک پروگرام میں کیشو پرساد موریہ نے پچھلی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ یوگی راج میں لنگی والوں اور ٹوپی والوے غنڈوں کے دن لد گئے ہیں۔
گزشتہ روز نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے پریاگ راج میں بی جے پی کی طرف سے منعقدہ بزنس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ 2017 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے پریاگ راج میں لنگی چھاپ کے غنڈے گھومتے تھے۔ وہ تاجروں کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے سروں پر جالی دار ٹوپیاں پہن کر ہتھیاروں کا استعمال کرتے تھے۔ زمین پر قبضہ کرتے تھے اور شکایت نہ کرنے کی دھمکی دیتے تھے۔ کیشو پرساد موریہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت آنے کے بعد ان غنڈوں کے دن گئے اور ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت نے ہمیشہ تاجروں، کسانوں، غریبوں کے فائدے اور بہبود کے لئے کام کیا ہے اور ساتھ ہی انہیں تحفظ فراہم کیا ہے۔ بی جے پی کی حکومت میں تاجروں اور صنعت کاروں کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تاجروں نے 2014 اور 2019 کے درمیان ہونے والے تمام انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کی۔










