گروگرام : (ایجنسی)
گروگرام میں عوامی مقامات پر نماز کو لے کر تنازع ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے، کیونکہ اس مسئلہ پر ایک -دوسرے کے آمنے سامنے آئے ہندو اورمسلم گروپوں نے نماز کے لیے18مقامات پر اتفاق کیا ہے۔ ان میں سے12 مساجد اور6عوامی میدان ہیں۔ وقف بورڈ کی اراضی ملتے ہی 6 عوامی مقامات پر نماز کی ادائیگی روک دی جائے گی۔ ہندو سنگھرش سمیتی نے بھی کہا ہے کہ اس سمجھوتہ کے ساتھ ہی تنازع ختم ہو گیا۔
گروگرام انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ میٹنگ میں دونوں برادریوں کے نمائندوں نے نماز پڑھنے کے لیے نئی جگہوں پر اتفاق کیا، جس میں12 مساجد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، چھ عوامی مقامات مختص کیے گئے ہیں جہاں کمیونٹی کی جانب سے حکام کو ان جگہوں کے استعمال کے لیے قانونی کرایہ ادا کرنے کے بعد نماز ادا کی جائے گی۔
اس سمجھوتہ کے بعد،20عوامی مقامات پر نماز نہیں ادا کی جائے گی جہاں اکثر مظاہرے ہوتے تھے، خاص طور پر سیکٹر37کے مقام پر، جہاں گزشتہ جمعہ کو صورتحال غیر مستحکم ہوگئی تھی۔ مساجد کے علاوہ، میٹنگ میں منظور شدہ یہ6جگہیں ہیں – اٹلس چوک ایچ ایس آئی آئی ڈی سی گراؤنڈ، پیپل چوک ہڈا لینڈ ادیوگ وہار فیز 2-، اسپائس جیٹ آفس ادیوگ وہار کے سامنے ہڈالینڈ، لیزر ویلی گراؤنڈ ، گولف کورس روڈ پر ہڈالینڈ ، سیکٹر 42اور سیکٹر 69ہڈا لینڈ ۔
ہندو سنگھرش سمیتی کے صدر مہاویر بھاردواج نے کہا کہ12 مساجد کے علاوہ، ہم نے چھ عوامی میدانوں پر اتفاق کیا ہے، جنہیں ہمارے مسلمان بھائی یا امام تنظیم ہر جمعہ کو کرایہ دینے پر راضی ہیں۔ وہ ان جگہوں کو اس وقت تک استعمال کریں گے جب تک کہ ان کی وقف بورڈ کی جائیدادیں خالی نہیں کر دی جاتیں یا انہیں دی جاتی ہیں۔ ان 18 منظور شدہ جگہوں میں سے کسی پر کوئی اعتراض یا مداخلت یا احتجاج نہیں ہوگا۔ ہمارے لیے اس تصفیے سے مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ نماز کو لے کر گزشتہ ایک ماہ سے تنازع چل رہا تھا۔ تاہم تصفیہ کے بعد اب امن کی امید کی جا سکتی ہے۔ لیکن پولیس کسی بھی قیمت پر سست نہیں ہوگی۔ گروگرام پولیس نے کہا کہ وہ اب بھی تمام مقامات پر سیکورٹی کو یقینی بنائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ شہر میں کوئی بدامنی یا کشیدگی نہ ہو۔










