نئی دہلی:(ایجنسی)
تمل ناڈو کے کنور کے پاس ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف شہید ہوگئے ہیں۔ سی ڈی ایس بپن راوت کی اہلیہ مدھولیکا راوت بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھیں۔ حادثہ پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت تمام لیڈروں نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کہرے کی وجہ سے لو وزیبلٹی کے سبب حادثہ ہوا۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ تمل ناڈو میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شامل 14 میں سے 13 افسران کی موت ہوگئی ہے۔ اس میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد ہی خبر آئی کہ چیف ڈیفنس آف اسٹاف جنرل بپن راوت بھی شہید ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، چیف ڈیفنس آف اسٹاف جنرل بپن راوت ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسیز کالج جا رہے تھے، تبھی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے جاری کئے گئے آفیشیل بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ کی جانچ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔










