سیتا پور : اترپردیش میں رام پور سے رکن پارلیمنٹ اور سماج وادی پارٹی کے قد آور لیڈر محمد اعظم خان کی طبیعت اتوار کے روز اچانک خراب ہوگئی۔ اعظم خان کی رپورٹ گزشتہ یکم مئی کو کورونا پازیٹیو آئی تھی۔ بتایا جارہاہے کہ ضلع انتظامیہ کے افسران اعظم خاں کو لکھنؤ کے میدانتا اسپتال لکھنؤ میں شفٹ کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔سیتا پور جیل میں بند اعظم خاں کو لے جانے کے لیے ایمبولینس اور اسکاٹ تیار ہے۔ موقع پر اے ایس پی صدر روہت ، سی او سٹی ضلع جیل میں موجود ہے۔
اعظم خان ایک سال سے زیادہ عرصہ سے سیتا پور جیل میں نظربند ہیں۔ سیتا پور جیل انتظامیہ نے دو دن قبل ہی اس کا کووڈ ٹیسٹ کرایا تھا۔ کووڈ ٹیسٹ کی رپورٹ میں اعظم خاں سمیت جیل میں 13 قیدی کورونا پازیٹیو پائے گئےہیں۔
بتادیں کہ اعظم خان کی ایم ایل اے اہلیہ تزئین فاطمہ کو کچھ دن پہلے ہی ضمانت مل گئی تھی، لیکن اعظم خان اور عبداللہ اعظم کا انتظار لمبا ہوتا جارہا ہے۔ اعظم خاں کے اوپر 80 سے زیادہ مقدمات درج ہیں ، جبکہ عبداللہ کے خلاف 40 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔ جانکاری کے مطابق زیادہ تر معاملات میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے ، اب کچھ معاملات میں ضمانت منظور ہونا باقی ہے۔








